اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

حمزہ شہباز نے ایک بار پھر سُر بکھیردیے، ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے ایک بار پھر گانا گا کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

حمزہ شہباز یوں تو اکثر حکومت پر گرجتے برستے رہتے ہیں لیکن قدرت نے انہیں سریلی آواز عطا کی ہے جس کا وہ گاہے بگاہے مظاہرہ کرتے رہتے ہیں یہ شوق شاید انہیں اپنے والد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ورثے میں ملا ہے کیونکہ وہ بھی گانے سے کافی شغف رکھتے ہیں۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے ویڈیو شیئر کی ہے جس میں مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز خوبصورت دھن پر مبنی ایک پرانی بھارتی فلم کا گیت گارہے ہیں۔

 

ویڈیو شاید کسی میٹنگ کی ہے جس کی صدارتی کرسی پر حمزہ شہباز براجمان ہیں جبکہ دیگر کرسیوں پر خواتین وحضرات بیٹھے ہوئے ہیں جہاں حمزہ 70 کی دہائی کی مشہور زمانہ بھارتی فلم مقدر کا سکندر کے لیے کشور کمار کا گایا ہوا گیت ’’روتے ہوئے آتے ہیں سب، ہنستا ہوا جو جائے گا وہ مقدر کا سکندر کہلائے گا‘‘ گا رہے ہیں۔

اس موقع پر وہاں موجود ایک شخص اپنے موبائل سے ان کی ویڈیو بناتا ہے جب کہ گیت کے اختتام پر شرکا حمزہ شہباز کو تالیاں بجا کر خوب سراہتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حمزہ شہباز نے اپنے بھانجے اور مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا اور’’سہانی چاندنی راتیں ہمیں سونے نہیں دیتیں‘‘ گایا تھا ان کے ساتھ مریم نواز اور جنید صفدر نے بھی گیت گائے تھے۔

مزید دیکھیں:’سہانی چاندنی راتیں ہمیں سونے نہیں دیتیں‘ حمزہ شہباز کی ویڈیو وائرل

یاد رہے کہ حمزہ شہباز کے والد اور مسلم لیگ ن کے صدر واپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی گلوکاری سے خاصا شغف رکھتے ہیں اور متعدد مواقعوں، جلسوں اور ٹی وی شوز میں گانے گاچکے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں