لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے فیاض الحسن چوہان کے عبدالعلیم خان کو تھپڑ پڑنے کے دعویٰ کے تردید کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے اور علیم خان کے حوالے سے بے بنیاد اور جھوٹا پراپیگنڈا کیا گیا ہے، علیم خان بھائی اور سینئر سیاست دان ہیں، پنجاب میں واضح شکست دیکھ کر بے پر کی اُڑائی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب عبدالعلیم خان کے ترجمان کہتے ہیں کہ جھوٹی خبریں اور پراپیگنڈا مہم چوہدری پرویز الہٰی کو شکست سے نہیں بچا سکتی، سوشل میڈیا پر ایسی بھونڈی حرکتوں سے پرویز الہیٰ کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ وفاق کے بعد پنجاب میں بھی ہار تسلیم کرلیں، ہم سب متحد ہیں، عبدالعلیم خان غیر مشروط طور پر اپوزیشن کا ساتھ دے رہے ہیں، حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ علیم خان اور حمزہ شہباز کی آپس میں تو تو میں میں ہوئی ہے، واقعہ اُسی بدنام زمانہ ہوٹل میں پیش آیا جہاں یہ ایم پی اے رہ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میری اطلاع کے مطابق علیم خان کو تھپڑ پڑا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ چینی کی 80 کے قریب شوگر ملز ایکٹو ہیں، 80 فیصد شوگر ملز آل شریف، جہانگیر ترین اور زرداری کی ہیں، جو گینگ اقتدار میں آیا اس نے اربوں روپے کا فائدہ اپنوں کو دیا، امپورٹڈ حکومت نے پہلا میزائل عوام پر گرا دیا ہے، گھی کی قیمت میں 7 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے، یہ پٹرول کی قیمت میں 27 روپے اضافہ کرنے جا رہے ہیں۔