پاکستان شوبز انڈسٹری کی شوخ و چنچل اداکارہ ہانیہ عامر کو زارا کا لباس پہننے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑگیا۔
ہانیہ عامر نے کرسمس کے تہوار کی مناسبت سے کرسمس ٹری ایموجی کے ساتھ اپنی ویڈیو شیئر کی۔ تاہم ان کے لباس کے انتخاب نے مداحوں کی توجہ مبذول کروالی کیوں کہ انھوں نے زارا کا لباس پہنا ہوا تھا۔
ریل میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہانیہ عامر دلکش انداز میں آئینے کے سامنے پوز دیتی نظر آرہی ہیں، اور اپنے گلے میں موجود خوبصورت ہار کے ساتھ کھیل رہی ہیں۔
انھوں نے سرخ اور سیاہ لباس زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ میک اپ کے انتخاب نے ان کی قدرتی دلکشی کو چار چاند لگا دیے ہیں۔
مداحوں کے مطابق اس ویڈو میں ہانیہ عامر نے انٹرنیشنل فیشن برانڈ ’زارا‘ کا لباس زیب تن کیا ہے جو کہ سوشل میڈیا صارفین کو ایک آنکھ نہیں بھایا۔
معروف اداکارہ نے جیسے ہی ویڈیو انسٹاگرام پر پوسٹ کی صارفین نے انھیں اسرائیل کا حامی کہنا شروع کردیا۔
View this post on Instagram
مونا نامی صارف نے لکھا کہ آپ کو شرم آنی چاہیے، جویریہ نامی خاتون نے لکھا کہ اداکارہ نے زارا کا ڈریس پہنا ہوا ہے، جب آپ زارا کا ڈریس خرید رہی ہیں تو آپ فلسطین کی حامی کس طرح ہوسکتی ہیں۔
مومنہ ادریس نامی خاتون نے ان کی پوسٹ پر کہا کہ ہانیہ نے زارا کا لباس پہن کر ثابت کردیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل فیشن برانڈ ’زارا‘ نے اپنے فوٹو شوٹ میں معصوم فلسطینیوں کا مذاق اڑایا تھا، جس پر پاکستانی اور بین الاقوامی اداکاروں نے اس برانڈ کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔