راولپنڈی: رہنما مسلم لیگ (ن) حنیف عباسی نے پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے ہیں تو پھر بے ایل اے اور خوارج سے بھی کریں۔
میڈیا سے گفتگو میں حنیف عباسی نے کہا کہ افغانستان ہمیں آنکھیں دکھا رہا ہے اور یہ پلاننگ کے تحت ہو رہا ہے، پاکستان کو شام اور عراق کے ماڈل پر پرکھا جا رہا ہے، شام کی طرز پر پاکستان میں جتھوں کی حکومت قائم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، جو بھی پاکستان آئے گا پاکستان اس کے گھر تک اس کا پیچھا کرے گا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ یہ عراق یا لیبیا نہیں یہ پاکستان ہے، پاکستان میں اگر جتھوں کی حکومت آگئی تو کوئی گھر، کارخانہ یا ادارہ محفوظ نہیں رہے گا، بی ایل اے، خوارج اور پی ٹی آئی کی صورت میں جتھوں کو مسلط کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، ایٹمی اور میزائل پروگرام عوام کی امانت ہیں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سے مذاکرات، خواجہ آصف نے اسپیکر ایاز صادق کو خبردار کر دیا
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ماضی میں کہا تھا کب تک ایٹم کو پالتے رہیں گے، کیلی فورنیا پلان کے تحت آپ کہہ چکے ہیں ہمیں اقتدار میں لے آئیں، فرم ہائر کر کے کانگریس مینوں کے ذریعے معیشت پر حملے کی کوشش کی گئی، ان کی تمام تر کوششوں کے باوجود پچھلے 10 ماہ کی حکومتی کارکردگی دیکھ لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی 76 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ ترسیلات زر آئی ہیں، 10 سال میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا ہے، آئی ٹی کی برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے، پی ڈی ایم دور حکومت میں ہم وینٹی لیٹر پر تھے لیکن اب جا کر استحکام پیدا ہوانا شروع ہوا ہے۔
’یہ کہتے تھے امریکی غلامی نامنظور لیکن آج اقتدار کیلیے امریکا کے پاؤں پڑے ہوئے ہیں، ہم تو ایبسیلوٹلی ناٹ نہیں کہیں گے سب سے برابری کی سطح پر بات کریں گے، پی ٹی آئی ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے سفارتی تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ خودکش حملہ آور کا جرم کم اور اس کے تیار کرنے والے کا زیادہ ہوتا ہے۔ 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے۔ عمران خان فوٹیجز کا ذکر کرتے تھے عدالتوں نے فوٹیجز کے ساتھ سزائیں سنائیں۔ فیک ویڈیوز چلا کر ہمارے شہدا کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔ 4 رینجرز اہلکاروں کو کچلنے والے نے کہا کہ عمران خان کے بیانات سے متاثر ہو کر حملہ کیا۔‘
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ 9 مئی کے حملوں پر پی ٹی آئی کو معاف کرنا ہے تو دہشتگرد گروپوں کو بھی معافی دے دیں، 9 مئی کے بڑے مجرمان نے ان چھوٹے مجرمان کے ذہنوں کو گندہ کیا، اگر عمران خان کو معافی دینی ہے تو پہلے ان بچوں کو معاف کیا جائے جنہیں سزائیں ہوئی، اگر میرا بیٹا، بھائی یا کارکن جی ایچ کیو پر کل حملہ آور ہوتا ہے تو وہ جائے فوجی عدالت میں۔
انہوں نے کہا کہ افغانیوں سمیت جتنے بھی غیر ملکیوں کو پاکستان سے جانا چاہیے، ریاستوں کے مابین تعلقات شخصیات پر مبنی نہیں ہوتے، یہ کہنا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آئے گا وہ پاکستان پر حملہ آور ہوگا ایسی بات نہیں، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہوئی تو ہم اپنا دفاع کریں گے، فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر کسی کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنے دیں گے۔