جمعہ, مئی 10, 2024
اشتہار

کرونا مریض ہیپی ہائپوکسیا نامی بیماری سے ہوشیار رہیں، ماہرین کی تنبیہ

اشتہار

حیرت انگیز

ٹوکیو: ماہرین نے کرونا وائرس کے مریضوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہیپی ہائپوکسیا نامی بیماری سے ہوشیار رہیں۔

تفصیلات کے مطابق جاپان کے کرونا وائرس کے ماہرین نے ہیپی ہائپوکسیا (happy hypoxia) سے خبردار رہنے کی تلقین کی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر پر صحت یابی کے عمل سے گزرنے والے کرونا وائرس کے مریضوں کو خون میں آکسیجن کی سطح کی باقاعدگی سے پیمائش کرنی چاہیے، کیوں کہ ایسا ممکن ہے کہ انھیں پتا چلے بغیر ان کی حالت بگڑ جائے۔

- Advertisement -

ماہرین نے بتایا کہ نمونیا میں مبتلا ہونے والے درمیانے درجے کے بعض بیمار افراد میں آکسیجن کی کم سطح کے باوجود طبیعت کی خرابی کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں، اس قسم کی کیفیت کو ہیپی ہائپوکسیا کہا جاتا ہے جس میں مریض بظاہر ٹھیک ٹھاک اور خوش دکھائی دیتا ہے۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاپان میں اسپتالوں پر غیر معمولی دباؤ کا سبب بن رہا ہے، یہ دباؤ خاص طور پر ٹوکیو و ملحقہ علاقوں، اور جنوبی علاقے اوکیناوا میں زیادہ ہے، اس صورت حال میں بہت سے متاثرہ افراد کے پاس گھر پر رہنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

ماہرین ایسے افراد کو خون میں آکسیجن کی سطح کی بار بار پیمائش کے لیے پلس آکسی میٹر نامی آلے کے استعمال، اور کسی بھی خلاف معمول صورت میں طبی امداد طلب کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

حکومتِ جاپان کے کرونا وائرس مشاورتی پینل کے رکن اور توہو یونیورسٹی کے پروفیسر تاتیدا کازُوہیرو کا کہنا ہے کہ ایسے مریض اچانک بے ہوش ہو سکتے ہیں یا ان کی حالت سنگین ہو سکتی ہے، ایسے افراد کو اگر دھندلا نظر آئے یا ان کے ہونٹوں اور ناخنوں کا رنگ پھیکا پڑ رہا ہو تو انھیں مقامی سرکاری طبی مرکز یا کسی اسپتال سے رابطہ کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں