تازہ ترین

مطاف کا صحن معذوروں کے لیے مختص

ریاض: خادم الحرمین شریفین نے خانہ کعبہ کے مطاف کا صحن دو گھنٹے کے لیے معذور افراد کے لیے مختص کردیا۔

تفصیلات کے مطابق معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر خادم الحرمین شریفین نے حرم شریف کے صحن اور مسجد نبوی کے کچھ حصوں کو دو گھنٹوں کے لیے معذور افراد کے لیے مخصوص کردیا۔

معذوروں کے عالمی دن کے موقع پرعمرے ادائیگی کے لیے آئے ہوئے تمام معذور زائرین کو سعودی حکومت کی طرف سے خصوصی کتابیں اور دیگر تحائف بھی تقسیم کیے گئے، اس دوران انہوں نے حرم کے صحن میں طواف بھی کیا۔

علاوہ ازیں مسجد الحرام کی جنرل پریڈیڈنسی نے قوتِ سماعت اور گویائی سے محروم زائرین کے لیے نماز کی خصوصی جگہ مختص کردی جہاں مترجم خصوصی اشاروں سے نمازیوں کو مدد فراہم کریں گے۔

تمام مترجم جمعہ، عیدین اور دیگر خطبوں میں بھی موجود ہوں گے، اس کے علاوہ گونگے اور بہرے افراد کو قرآن مجید کی تعلیم دینے کے لیے اساتذہ بھی بھرتی کیے گئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حرم شریف کے صحن میں رہنمائی کے لیے علامتی نشان بھی آویزاں کردیے جہاں معذور افراد کے ساتھ صرف ایک شخص کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

قبل ازیں انتظامیہ نے بینائی سے محروم زائرین کو سفید چھڑی بھی فراہم کی تاکہ تمام افراد مخصوص جگہ پر پہنچ کر نماز ادا کرسکیں۔

Comments

- Advertisement -