نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کو تاریخی فتح دلانے والے نوجوان اوپنر حسن نواز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔
حسن نواز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ڈرافٹس میں پی ایس ایل کی سابق چیمپئین ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلئیرز ڈرافٹس میں اپنے اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔
نوجوان بلے باز کو فرنچائز نے ایمرجنگ کیٹیگری میں منتخب کیا تھا، جو 2025 کے ایڈیشن میں گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کریں گے۔
نوجوان بلے باز نے اس سے قبل 2023 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی تھی تاہم انہیں محض 3 میچز مل سکے تھے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے تھے، نوجوان اوپنر نے 3 میچز میں 100 کے اسٹرائیک ریٹ اور 9.33 کی اوسط سے 28 رنز بنائے تھے۔
یاد رہے کہ نوجوان بلے باز نے نیوزی لینڈ کیخلاف اپنے تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کیلئے تیز ترین ٹی20 سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، اس سے قبل یہ کارنامہ بابراعظم کے پاس تھا جنہوں نے 49 گیندوں پر سینچری بنائی تھی۔
حسن نے نیوزی لینڈ کے خلاف یہ کارنامہ محض 44 گیندوں پر سرانجام دیا، انکی اننگز میں 10 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔
حارث رؤف نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں اہم اعزاز حاصل کرلیا
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حسن نواز کی والدہ کا کہنا تھا کہ صبح سے بچوں کو دعائیں کرنے مسجد بھیجا ہوا تھا، بیٹے کو کرکٹ سے جنون کی حد تک پیار ہے اس لیے کامیاب ہوا۔
والد نے کہا کہ ہم پسماندہ علاقے کے لوگ ہیں، یہاں سے انٹرنیشنل کرکٹر کا آنا بہت بڑی بات ہے، اللہ نے عزت دی ہے۔