تازہ ترین

پی ایس ایل : "یہ باتیں ڈرائنگ روم میں حل ہونی چاہئیں، میڈیا میں نہیں”

کراچی : پی ایس ایل میچز کی سیکیورٹی کے مسائل پر گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ یہ باتیں ڈرائنگ روم میں حل ہونی چاہئیں، میڈیا میں نہیں۔

یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مجموعی طور پر دنیا بھر میں کھیلوں کی وجہ سے ایک اچھا امیج ہے، اس قسم کی باتوں سے پاکستان کا امیج خراب ہوگا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن کے مزید میچز کو کراچی میں ویلکم کریں گے تاہم لاہور میں بھی میچز کا انعقاد ہونا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ یہ مسائل ڈرائنگ روم میں حل ہونے چاہئیں، انہیں میڈیا میں کسی صورت نہیں آنا چاہیے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ امید ہے مسئلہ جلد حل ہوجائےگا اور میچزشیڈول کے مطابق ہوں گے، جہاں پر سیکیورٹی دی جاتی ہے تو وہاں اخراجات آتے ہیں، سیکورٹی ادارے اور پی سی بی دونوں حکومت کے ماتحت ہیں۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اگر منافع ہورہا ہے تو اسے بھی پی ایس ایل میں حصہ ڈالنا چاہیے لیکن کسی ایک ادارے پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالا جاسکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب حکومت نے پی ایس ایل کے لیے 50 کروڑ روپے دینے سے معذرت کرلی تھی۔ ذرائع کا بتانا تھا کہ حکومت پی سی بی کو اخراجات تب دے گی جب پی سی بی صوبائی حکومت کو 25کروڑ روپے ادا کرے گا جبکہ پنجاب حکومت پی ایس ایل میچز پر اب تک 45 کروڑ روپے خرچ کرچکی ہے۔

گزشتہ روز پنجاب کی نگراں حکومت نے سیکیورٹی کے لیے 45 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا تو بورڈ اور فرنچائز نے مذکورہ رقم دینے سے صاف انکار کردیا تھا۔

پی ایس ایل کے لاہور اور پنڈی میں میچز، نجم سیٹھی کا وزیراعظم سے رابطہ

بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت ان میچز کے لیے 25 کروڑ روپے ادا کرے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نگراں پنجاب حکومت نے فیصلے سے پی سی بی حکام کو آگاہ کردیا ہے جبکہ نگراں پنجاب کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ میچز کے باقی اخراجات پی سی بی ادا کرے گا تاہم ابھی تک تعطل برقرارا ہے اور حتمی طور پر کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

Comments

- Advertisement -