پرتھ: ہیڈ فون میں عجیب آوازیں سننے پر آسٹریلوی نے ہیڈ فون اتار کر دیکھا تو دہشت زدہ ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی شہر پرتھ میں ایک شہری اولی تھرسٹ کام کے دوران ہیڈ فون لگا کر کچھ سن رہا تھا لیکن اس دوران کانوں میں مسلسل سرسراہٹ جیسی آوازیں آنے لگیں۔
اولی تھرسٹ نے کچھ دیر بعد ہیڈ فون اتار کر دیکھا تو دہشت سے اچھل پڑا، ڈیوائس کے نرم حصے کے اندر ایک بڑے سائز کی خوف ناک مکھڑی مزے سے بیٹھی ہوئی تھی، جسے دیکھ کر اس نے ہیڈ فون دور پھینک دیا۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی، جو اب وائرل ہو چکی ہے اور اس پر ہزاروں لوگوں نے تبصرے کیے۔ کچھ لوگوں نے اس طرح کے اپنے واقعات بھی شیئر کیے۔
اولی تھرسٹ کا کہنا تھا کہ وہ سرسراہٹ کی وجہ سے اپنے کام پر توجہ نہیں دے پا رہا تھا، جس پر اس نے ہیڈ فون اتار کر دیکھا اور خوف زدہ ہو گیا، بڑے سائز کی یہ مکھڑی ہنٹس مین کہلاتی ہے جو کیکڑے کی طرح دکھائی دیتی ہے، تاہم یہ انسانوں کے لیے خطرناک نہیں سمجھی جاتی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مکھڑی ہلانے جلانے کے باوجود ہیڈ فون سے نہیں نکلی۔ فیس بک پر ایک صارف نے اس پر تبصرہ کیا کہ اچھا یہ ہوا کہ وہ چھپکے سے ایئر فون کے اندر بیٹھی رہی ورنہ یہ اور بھی زیادہ خوف زدہ کر سکتی تھی۔
ایک اور صارف نے مکھڑی کے ساتھ اظہار ہم دردی کرتے ہوئے لکھا کہ بے چاری ایئر فون کے اندر کتنی خوف زدہ دکھائی دے رہی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ مجھے حیرت ہے کہ آپ کو یہ دیکھ کر ہارٹ اٹیک نہیں ہوا۔
ماہرین کے مطابق ہنٹس مین اسپائیڈرز انسانوں کے لیے خطرناک نہیں ہیں، اگرچہ ان میں کچھ مقدار میں زہر ہوتا ہے لیکن یہ انسانوں پر حملے کے لیے مشہور نہیں۔ انھیں ہنٹس مین ان کی رفتار اور شکار کے انداز کی وجہ سے کہا جاتا ہے۔ لیکن خوف ناک بات یہ ہے کہ ان مکھڑیوں کی جسامت 6 انچ تک بڑھ سکتی ہے۔