ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

خطۂ بحیرۂ روم شرقی میں صحت کے حوالے سے بڑی سرگرمی

اشتہار

حیرت انگیز

قاہرہ: خطۂ بحیرۂ روم شرقی میں صحت کے حوالے سے بڑی سرگرمی شروع ہو گئی، وزیر صحت قادر پٹیل عالمی ادارہ صحت ایسٹ میڈیٹیرینین ریجن کی 69 ویں کانفرنس میں شرکت کے لیے قاہرہ پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر صحت قادر پٹیل نے قاہرہ میں سربراہ ڈبلیو ایچ او سے ملاقات کی، انھوں نے کہا کہ وہ کانفرنس میں دنیا کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے آگاہ کریں گے۔

وزارت قومی صحت کے ترجمان کے مطابق قاہرہ میں ہونے والی ڈبلیو ایچ او ایمرو ریجن کی انہتر ویں کانفرنس میں سعودی عرب اور کویت سمیت َخلیجی اور افریقی ممالک کے وزرائے صحت  شریک ہوں گے۔

ڈبلیو ایچ او کے علاقائی سربراہ حمد المندہاری نے ایمرو ریجن کے وزرائے صحت کو پاکستان میں سیلاب پر بریفنگ  دی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، ڈبلیو ایچ او سیلاب متاثرین کے لیے بھرپور امداد فراہم کر رہا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں علاقائی ممالک بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

کانفرنس کے دوران علاقائی صحت عامہ کو درپیش ہنگامی صورت حال سمیت حفاظتی ویکسین سے متعلقہ امور زیر غور آئیں گے۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق کانفرنس کے دوران عالمی صحت عامہ سے متعلق مستقبل کی جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

کانفرنس کے موقع پر وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈھانوم اور ڈبلیو ایچ او کے علاقائی سربراہ احمد المندہاری سے ملاقات کی، جس می پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سمیت پولیو اور دیگر وبائی امراض کی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔

عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ سیلاب سے تین کروڑ سے زائد افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں، لاکھوں پاکستانیوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کا سامنا ہے، سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کے پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ سسٹم کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں بچوں اور بوڑھے افراد سمیت ساڑھے چھ لاکھ سے زائد حاملہ خواتین موجود ہیں، جن کی محفوظ ڈیلیوری اور مناسب دیکھ بھال بڑا چیلنج ہے، تاہم حکومت پاکستان تمام تر چیلنجز کے باوجود سیلاب متاثرین کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

اہم ترین

جہانگیر خان
جہانگیر خان
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔

مزید خبریں