کلونجی شفا اور فوائد کا خزانہ ہے، اس کا باقاعدہ استعمال بے تحاشہ جسمانی فوائد پہنچا سکتا ہے، کلونجی اور دیگر بوٹیوں کی چائے گلے کے بے شمار مسائل سے بچا سکتی ہے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بلقیس نے کلونجی کے فوائد بتاتے ہوئے اس کی چائے بنانے کا طریقہ بتایا۔
ڈاکٹر بلقیس کے مطابق کلونجی کے مندرجہ ذیل فوائد ہیں:
کلونجی امیون بوسٹر ہے جس سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔
پھیپھڑوں کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔
پرسکون نیند لانے میں مدد گار ہے۔
جسم کے مختلف اعضا کے درد میں کمی لاسکتی ہے۔
نزلہ زکام اور ناک بند ہونے کی صورت میں صرف کلونجی سونگھنے سے تکلیف میں کمی ہوسکتی ہے۔
سر میں درد ہو تو کلونجی کو ہلکا سا توے پر گرم کر کے ماتھے پر لگائیں، درد میں فوری افاقہ ہوگا۔
کلونجی کا تیل روزانہ 1 سے 2 بوند روزانہ پینے سے پیٹ کے کیڑے ختم ہوجاتے ہیں۔
گلا خراب ہو، ٹانسلز ہوں یا کھانسی ہو تو کلونجی کو نیم گرم کر کے ململ کے کپڑے میں باندھیں اور پوٹلی بنا کر گلے کی سکائی کریں، فوری آرام حاصل ہوگا۔
کلونجی کی چائے
ڈاکٹر بلقیس نے کلونجی کی چائے بنانے کا طریقہ بھی بتایا۔
اس کے لیے 2 کپ پانی پین میں ڈالیں، اس میں 1 سے 2 چمچ کلونجی شامل کریں، سیاہ زیرہ آدھا چائے کا چمچ، سونف 1 چمچ، 1 سے 2 کڑے پتے اور ادرک کا ٹکڑا شامل کریں۔
اسے اتنا پکائیں کہ 2 کپ پانی 1 کپ رہ جائے۔
اسے چھان لیں اور دل چاہے تو ایک چمچ شہد ڈال کر پئیں، اسے اتنا گرم ہونا چاہیئے جتنا برداشت کرسکیں اور اسے گلے میں روک روک کر پئیں۔
بعد ازاں اس کے اوپر پانی نہ پئیں۔
اس کا باقاعدہ استعمال ہاضمے اور گلے کے مسائل کو ٹھیک رکھے گا جبکہ قوت مدافعت میں اضافہ اور دوران خون میں بھی بہتری آئے گی۔