صبح اٹھ کر نہار منہ پانی پینا فائدہ مند ہے لیکن ضروری نہیں کہ اس کا فائدہ سب لوگوں کو ہو، ایسی بہت سی غذائیں ہیں جنہیں نہار منہ کھانا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر صحت ڈاکٹر ایرج نے سننے والوں کا آگاہ کیا کہ صبح اٹھنے کے بعد نہار منہ کون سی غذائیں کھانی چاہیئں اور کن سے پرہیز کرنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ صبح سویرے اٹھ کر سب سے پہلے سیب کا استعمال بہت زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے، اس کے علاوہ کھجور بادم یا اس کے ساتھ ساتھ سبزیوں میں نہار منہ شکر کندی کا استعمال بہت زیادہ فائدہ پہنچاتا ہے۔
ڈاکٹر ایرج نے بتایا کہ اکثر لوگ نہار منہ چائے کا استعمال کرتے ہیں لیکن اس سے گریز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے تیزابیت کا خطرہ ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ادرک اور لہسن کا استعمال بھی تیزابیت کا باعث بنتا ہے لہٰذا نہار منہ ان کے استعمال نہیں کرنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ پھل ہماری صحت کے لیے اہم اور ناقابل یقین حد تک فائدہ مند ہیں۔ پھلوں میں وٹامنز، غذائی اجزاء، فائبر اور پانی کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے، مناسب طریقے سے اپنی خوراک میں پھلوں کو شامل کرنے سے نظام انہظام بہتر ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ نہار منہ پھل کھانے سے جسم کو بہت زیادہ توانائی ملتی ہے، وزن میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے اور یہ پھل پورے دن کے لیے جسم کو ضروری توانائی مہیا کرتے ہیں۔
ڈاکٹر ایرج نے بتایا کہ شہد میں منرلز، وٹامنز اور دیگر ضروری غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو آنتوں کو صاف ستھرا رکھنے کےلیے بے حد ضروری ہیں۔ خالی پیٹ نیم گرم پانی میں شہد ڈال کر پینے سے جسم میں موجود تمام زہریلے اور جراثیمی عناصر ختم ہوجاتے ہیں۔