بدھ, مئی 29, 2024
اشتہار

درجہ حرارت میں اضافے کے باعث ہیٹ ویو کا خدشہ

اشتہار

حیرت انگیز

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے، عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ 8 تا 10 مئی درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہونے کا امکان ہے جبکہ ہفتے کے آخر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا تو ہیٹ ویو کی لہر آسکتی ہے، ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے عوام ضروری احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

- Advertisement -

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ 10 مئی سے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ہیٹ ویو کے دوران درج ذیل باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دی جائے
جسمانی صحت کے لیے پانی بہت ضروری ہے، جسم میں تھوڑی مقدار میں پانی کی کمی خطرے کی علامت نہیں ہے، کیونکہ اس حالت میں پانی کے استعمال سے کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں گھر سے باہر نکلنے سے قبل پانی لازمی پیئیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب آپ باہر ہوں بالخصوص جب دھوپ میں کام کررہے ہوں یا ورزش کررہے ہوں تو کم از کم ہر 15 سے 20 منٹ بعد ایک کپ (8 اونس) پانی پیئیں۔

پانی کی کمی کے باعث گردوں میں پتھری اور پیشاب کی نالی میں انفیکشن کے ساتھ دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

مشروبات کا استعمال زیادہ کیا جائے
پیاس کی شدت کو کم کرنے اور جسم میں نمکیات کی مقدار کو برقرار رکھنے کیلئے گھر میں بنے مشروبات فرحت بخش اور مفید ہوتے ہیں۔

جس سے جسم میں تقویت کے ساتھ ساتھ پانی کی کمی بھی پوری ہوجاتی ہے، شدید گرمی کا اثر کم کرنے اور ترو تازہ رہنے کیلئے فرحت بخش مشروبات جو آپ گھر پرباآسانی بناسکتے ہیں۔

گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے سب سے پہلے لسی یا کچی کا استعمال بہت اہمیت کا حامل ہے اس کے علاوہ ملیٹھی کا پانی بھی اس کیلئے مفید ہے، آدھا چمچ ملیٹھی ایک لیٹر نیم گرم پانی میں ڈال کر استعمال کریں، اس کیلیے کوئی عمر کی قید نہیں مریض بھی اسے استعمال کرسکتے ہیں کیونکہ یہ پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے۔

اس کے علاوہ گرمی کے موسم میں دہی کا استعمال نہایت مفید ہوتا ہے، ٹھنڈی ٹھنڈی اور مزے دار لسی سے نہ صرف ہاضمہ درست رہتا ہے بلکہ لسی گرم ہوا سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔

ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ
شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک سب سے زیادہ تشویش ناک مسئلہ ہے، ہیٹ اسٹروک میں جسم خود کو ٹھنڈا نہیں کرپاتا اور جسم کا درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں مشکل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ معمول کے درجہ حرارت میں جسم سے پانی مختلف ذرائع سے خارج ہوتا ہے جن میں پسینہ آنا، گہرے سانس لینا اور پیشات کے ذریعے شامل ہے، لیکن جب نمی 75 فیصد سے زیادہ ہوجائے تو پسینہ آنا غیر مؤثر ہے۔

اگر آپ کسی ایسے شخص کو دیکھیں جو الجھن کا شکار ہے یا جلد پر لال دھبے ہوں یا ایسا لگے کہ وہ شخص تیزی سے سانس لے رہا ہوں یا پھر سر درد کی شکایت ہو تو انہیں ٹھنڈی جگہ پر لے جائیں، ٹھنڈا پانی پلائیں، برف یا گیلے تولیے سے ان کی گردن، چہرے اور کمر کو ٹھنڈا کریں اور جلد از جلد کسی ماہر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں