منگل, جنوری 28, 2025
اشتہار

مکہ مکرمہ میں موسلا دھار بارش، 3 افراد سیلابی ریلے میں ڈوب کر جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

مکہ مکرمہ اور گرد ونواح میں موسلا دھار بارشوں کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے اور تین افراد سیلابی ریلے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ اور گرد و نواح میں موسلادھار بارشوں کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق دیہی علاقے الموسم میں تین افراد پانی کے ریلے میں ڈوب کرجاں بحق ہوگئے۔

جمعہ سے جاری رہنے والی بارش کے بعد وادی بن عبد اللہ اور وادی مثعان میں زبردست سیلاب آگیا ہے اور محکمہ شہری دفاع نے کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

محکمے کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والوں میں 35 سالہ نوجوان اور 13 سالہ دو لڑکے شامل ہیں، جو وادی میں گرنے کے بعد سیلابی ریلے میں بہہ گئے تھے۔

واضح رہے کہ سیلابی ریلوں کے باعث الموسم کا پورا علاقہ متاثر ہوا ہے، جبکہ دوسرے علاقوں سے جوڑنے والی سڑک مکمل طور پر ڈوب گئی تھی۔

دوسری طرف محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ منگل کو الاحسا میں سب سے زیادہ گرمی پڑی جہاں درجہ حرارت ہے 46 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ السودہ سرد ترین علاقہ رہا جہاں کا درجہ حرارت 13 ڈگری ریکارڈ رہا۔

دریں اثنا مسجد الحرام میں عمرہ زائرین بارش کے دوران بھی طواف اور عبادت میں مصروف رہے اور دعائیں بھی کیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں