جرمنی کے تجارتی شہر فرنکفرٹ میں جاری گھریلو ٹیکسٹائل مصنوعات کی سب سے بڑی عالمی نمائش ’ہیم ٹیکسٹائل‘ میں پہلے ہی دن پاکستانی ایگزی بیوٹرزکو کامیابی حاصل ہوگئی۔
دنیا بھر کے 3 ہزار سے زائد ایگزی بیوٹرز میں سے زیادہ تر پاکستانی پویلین میں پہنچ گئے۔ نمائش میں پاکستان کے ایکسپورٹرز کی ریکارڈ تعداد نمائش میں شرکت میں حصہ لے رہی ہے۔ پاکستانی پویلین غیر ملکیوں میں توجہ مرکز بنا ہوا ہے۔
گھریلو ٹیکسٹائل مصنوعات کی عالمی نمائش میں رواں سال پاکستان کی نمایاں موجودگی نے ملکی برآمدات بڑھانے کے واضح امکانات ظاہر کر دیے ہیں۔
وفاقی وزارت تجارت نے نمائش کی اہمیت کے پیش نظر وسیع و عریض قومی پویلین بھی قائم کیا ہے جس میں 64 چھوٹی کمپنیاں بھی شامل ہیں، قومی پویلین کا افتتاح فرینکفرٹ میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل شفاعت احمد کلیم نے کیا۔
اس موقع پر قونصل جنرل شفاعت کلیم کا کہنا تھا کہ نمائش میں بڑے پیمانے پر شرکت سے پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافے کی توقع ہے، پچھلے سال تقریباً 2008 ایگزی بیوٹرز آئے تھے، 270 سے زائد پاکستان سے تھے اور اس سال بھی 274 سے زائد ایگزی بیوٹرز آئے ہیں، قوی امید ہے کہ پاکستان کی ایکسپورٹ اس نمائش کے ذریعہ اضافہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری ٹیم مسلسل محنت کر رہی ہے اور ہم جرمن، یورپ اور دنیا بھر کے خریداروں سے ون ٹو ون ملاقات کا اہتمام کر رہے ہیں۔
پاکستان میں میسے فرینکفرٹ کے نمائندے ہادی صلاح الدین نے بتایا کہ ہیم ٹیکسٹائل نمائش میں پاکستان سے ریکارڈ تعداد میں 275 ایگزی بیوٹرز شریک ہیں جن میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان نے بھی اپنا پویلین قائم کیا ہے جبکہ پاکستانی نمائش کنندگان نے اپنے اسٹال کے سائز بھی بڑھائے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نمائش میں پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیوں کی جانب سے ہوم ٹیکسٹائل ٹاولز بیڈ لینن اپیرل اور دیگر مصنوعات کی نمائش کی جا رہی ہے، میسے فرنکفرٹ پاکستان اپنے ایگزی بیوٹرز کو مکمل سہولت فراہم کرے گا، کسی کمپنی نے اگر کوئی پروڈکٹ بنائی ہو تو اس کی مارکیٹنگ کیلئے ہم انہیں مثبت مشورے بھی دیتے ہیں اور اس کی تشہیر کیلئے تمام ذرائع استعمال کرتے ہیں۔
دوسری جانب نمائش کے منتظمین اور شرکت کرنے والے ایکسپورٹرز بھی پاکستان کو بڑے ایکسپورٹ آرڈرز ملنے کے لیے پر امید ہیں۔ پاکستان پویلین میں پاکستانی قونصلیٹ میں ٹریڈ آفیسر آمنہ نعیم مسلسل ایگزی بیوٹرز سے رابطے میں رہیں۔ عالمی نمائش میں چوتھے بڑے ملک کی حیثیت سے پاکستان کی شرکت کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے قونصل خانے کے تحت تھریڈ کنیکٹ کے نام سے بزنس کانفرنس کا بھی انعقاد کیا ہے۔