منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

ہرشیز چاکلیٹ میں مضر صحت اجزاء کی موجودگی برقرار

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک : امریکہ میں چاکلیٹ بنانے والی مشہور کمپنی ’ہرشیز‘ کی پروڈکٹ کے حوالے سے ایک بار بھر یہ شکایت  سامنے آئی ہے کہ ان کی چاکلیٹس میں مضرصحت دھاتوں کی زائد مقدار پائی جاتی ہے۔

اس سے قبل بھی اسی قسم کی شکایت سے متعلق چاکلیٹس کمپنیز کو یاد دہانی کرائی گئی تھی تاہم تاحال اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

اس حوالے سے امریکہ میں صارفین کے حقوق کا خیال رکھنے والی ایک سماجی تنظیم کنزیومر رپورٹس کی جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں جانچ پڑتال کی گئی مختلف چاکلیٹس کی مصنوعات میں سے ایک تہائی میں سیسہ اور کیڈمیم کی زائد مقدار پائی گئی ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صارفین نے ہرشیز کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چاکلیٹ میں موجود ان دھاتوں کی مقدار کم کرے، جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 48میں سے 16 مصنوعات میں سیسہ اور کیڈمیم یا دونوں کی ممکنہ طور پر نقصان دہ مقدار موجود تھی۔

صارفین کی رپورٹس کے مطابق سات اقسام کی مصنوعات کی جانچ پڑتال کی گئی جس میں ڈارک چاکلیٹ بارز، دودھ کی چاکلیٹ بارز، کوکو پاؤڈر، چاکلیٹ چپس، براؤنز مکسز، چاکلیٹ کیک اور ہاٹ چاکلیٹ شامل ہیں۔

کنزیومر رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ان دھاتوں کے نتیجے میں اعصابی اور مدافعتی نظام کے مسائل سمیت گردے کی بیماریاں جنم لے سکتی ہیں جس سے خصوصاً حاملہ خواتین اور چھوٹے بچوں کو زیادہ خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

کنزیومر رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 75ہزار سے زیادہ صارفین نے ہرشیز کی چاکلیٹ میں ان مضر صحت دھاتوں کو کم کرنے کے لیے درخواست پر دستخط کیے تھے اور اب وہ کمپنی کو دوبارہ درخواست دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں نیو یارک کے رہائشی ایک صارف کرسٹوفر لزازارو نے ’ہرشیز‘ کیخلاف مقدمہ بھی دائر کیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان چاکلیٹوں میں مضر صحت دھاتوں کو شامل کیا گیا ہے، صارف نے کمپنی پر 5 ملین ڈالر ہرجانے کے دعویٰ دائر کیا تھا۔

علاوہ ازیں رواں سال جنوری میں سماجی تنظیم کنزیومر رپورٹس کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مشہور کمپنیوں کی چاکلیٹ بارز میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان تمام بارز میں لیڈ (سیسہ) اور کیڈمیئم نامی عناصر موجود ہیں۔

کنزیومر رپورٹس نے اس بات پر زور دیا تھا کہ چاکلیٹ بنانے والے ادارےاپنی مصنوعات میں لیڈ (سیسہ) اور کیڈمیئم کی سطح کو ہرصورت کم کریں۔ اس سلسلے میں کنزیومر رپورٹس نے ہرشیز کمپنی، مونڈیلیز انٹرنیشنل انکارپوریشنز، تھیو چاکلیٹ اور ٹریڈر جوز نامی کمپنیوں کو خطوط بھی لکھے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں