کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ حیسکو اور سیپکو کو کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کی زیرصدارت حیسکو،سیپکوکے اضلاع میں بجلی کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب،معاون خصوصی شہزاد قاسم بھی موجود تھے۔
اجلاس میں بجلی کی صورتحال،تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ حیسکو اور سیپکو کوکارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے،منتخب نمائندوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جانا ضروری ہے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ جلد عمر ایوب کے ساتھ حیسکو،سیپکو کے اضلاع کا دورہ کروں گا،نمائندوں،بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ساتھ بٹھا کر مسائل حل کرنے ہیں۔
وفاقی وزیر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت مسلسل بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات کرےگی۔
اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ دونوں کمپنیوں کے اضلاع میں بجلی فراہمی کی صورتحال ابتر ہے،کئی گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے،خراب ٹرانسفارمرز ،تاروں کے ٹوٹنے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔