نئی دہلی : بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط نے پاکستان کے جشن آزادی کو کشمیر کی آزادی کے نام کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں بھی یوم آزادی پر پرچم کشائی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ہائی کمشنر عبدالباسط نے کیک کاٹا اور پرچم کشائی کی۔
تقریب میں ہائی کمیشن کے عملے سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی، اس موقع پر تقریب میں شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا کر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالباسط نے جشن آزادی کشمیر کی آزادی کے نام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ مظلوم کشمیریوں نے آزادی کیلئے جوقربانیاں دی ہیں انہیں ہم رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کے راستے کا انتخاب کیا، بھارت کو بھی چاہئیے کہ کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے بجائے ان کی امنگوں اور خواہش کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔
عبدالباسط کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت اور سپورٹ جاری رکھیں گے۔