تازہ ترین

دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب، چیف انجینئرز کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت

بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، آج سکھر بیراج سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزرے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ آبپاشی سندھ کا کہنا ہے کہ گڈو بیراج پر گزشتہ روز4 لاکھ کیوسک سے زائد پانی داخل ہوا ہے جب کہ آج سکھر بیراج سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزرے گا۔

محکمہ آبپاشی سندھ نے بتایا کہ محکمہ آبپاشی سندھ نے پانچوں چیف انجینئرز کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے کہ اونچے درجے کے سیلاب کی آمد کے بعد ہنگامی اقدامات کریں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دریائے سندھ کے بندوں کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کریں، خصوصی اقدامات کرتے ہوئے گشت میں اضافہ کیا جائے، مشینری اور آلات تیار رکھے جائیں۔

مراسلے کے متن کے مطابق رات کی تاریکی میں اہم مقامات پر روشنی کا انتظام کیا جائے، دریائے سندھ کے بندوں پر جا کر عارضی دفتر بنائیں، کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،

دریائے سندھ میں درمیانے درجے کے سیلاب سے مزید 20 دیہات زیر آب آگئے ہیں جب کہ قادر پور کے کچے میں گاؤں جان محمد واسو سمیت کئی دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

گاؤں گھنور چاچڑ اور نور لکھن کے مقام پر لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے، متاثرہ علاقوں میں خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں افراد پھنسے ہوئے ہیں، پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے تاحال اقدامات شروع ہی نہ ہوسکے۔

Comments

- Advertisement -