لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم سے 5 دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ممالک کے مابین 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بقیہ 2 میچز 9 اور 17 دسمبر کو شروع ہوں گے، یہ میچز بالترتیب ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی میں کوئی ٹیسٹ میچ کھیلے گی، پاکستان اس وینیو پر 12 میچز کی میزبانی کر چکا ہے، جس میں سے 5 میں میزبان ٹیم کو فتح اور 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 22 رنز سے شکست ہوئی تھی، اس وینیو پر اب تک کھیلے گئے 5 ٹیسٹ میچز میں سے پاکستان نے 3 میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ اُسی مقام پر کھیلا جائے گا جہاں سال 2000 میں مہمان ٹیم نے ناصر حسین کی زیر قیادت کامیابی حاصل کر کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کی مسلسل 34 فتوحات کا سلسلہ توڑا تھا۔ اس مقام پر اب تک پاکستان کو 23 ٹیسٹ میچز میں کامیابی اور صرف 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
🚨 England’s first Test series in Pakistan in 17 years 🚨
Mark the dates for the matches in Rawalpindi, Multan and Karachi 🏟️🗓️
Read more: https://t.co/fM4QMQ55d1#PAKvENG | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/rJmh5WcWHe
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 22, 2022
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ انھیں انگلینڈ کے ٹیسٹ اسکواڈ کی ایک مرتبہ پھر پاکستان میں میزبانی کرنے پر بہت خوشی ہوگی، آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان میں مدمقابل آنے والی دونوں ٹیموں کی کرکٹ میں بہت تبدیلی آ چکی ہے۔
انھوں نے کہا مجھے امید ہے کہ یہ سیریز دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے دلدادہ ناظرین کی توقعات کے عین مطابق دل چسپ اور سنسنی خیز ہوگی۔
ذاکر خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ فینز کو انگلینڈ کے ایلیٹ کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا نظارہ کرنے کے لیے 17 سال تک انتظار کرنا پڑا ہے، گو کہ ان میں سے اکثر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان آچکے ہیں مگر ٹیسٹ کرکٹ کسی ملک کے لیے کھیل کا اہم ترین فارمیٹ ہوتا ہے۔
ایشیا کپ: قومی اسکواڈ آج روانہ ہوگا
انگلش کرکٹ بورڈ کے عبوری چیف ایگزیکٹو کلیئر کانر کا کہنا ہے کہ 2005 کے بعد انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کی پاکستان روانگی ایک تاریخی لمحہ ہے، انھوں نے کہا کہ وہ ایک طویل عرصے بعد کرکٹ سے محبت کرنے والے پرجوش شائقین کرکٹ کے سامنے کھیلنے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہیں۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے ای سی بی پاکستان کرکٹ بورڈ سے مسلسل رابطے میں ہے اور وہ اس سیریز کے شیڈول کا اعلان کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین 3 ٹیسٹ میچز کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، چیمپئن شپ میں انگلینڈ کی ٹیم ساتویں اور پاکستان پانچویں نمبرپر موجود ہے۔