جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

غیرت کے نام پر قتل کے 2 بڑے مقدمات حل، 3 سفاک قاتل گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شعبہ تفتیش ڈسٹرکٹ ویسٹ نے دو الگ کارروائیاں کرتے ہوئے غیرت کے نام پر قتل ہونے والے ہائی پروفائل مقدمات میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق شعبہ تفتیش سرجانی کی ہائی پروفائل مقدمات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے غیرت کے نام پر قتل کے 2 بڑے مقدمات حل کر لیے اور3 سفاک قاتل گرفتار کر لیے۔

ایس ایس پی انویسٹگیشن عارف اسلم راؤ کے مطابق سفاکانہ قتل کی پہلی واردات 18 جولائی کو تیسر ٹاؤن سرجانی میں کی گئی تھی، ایک بنگالی نوجوان ندیم کو گھر کی چھت سے لٹکا کر 17 گولیاں ماری گئی تھیں۔

ندیم کے قتل میں ملوث ملزمان سراج الدین محسود اور معراج الدین محسود کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان نے غیرت کے نام پر بنگالی نوجوان ندیم کو قتل کیا تھا، مقتول ندیم نے محسود لڑکی عالیہ سے محبت کی شادی کی تھی۔

قتل کی دوسری واردات 4 اگست سرجانی پاور ہاؤس کے قریب نرسری پر ہوئی تھی، جس میں والدین کے اکلوتے بیٹے افضل کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق قتل کے بعد مقتول افضل کا سر الگ اور دھڑ الگ پھینکا گیا تھا، واردات میں ملوث ملزم عثمان کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم قتل کی واردات کے لیے لودھراں سے کراچی پہنچا تھا۔

ملزم کے مطابق مقتول کے اس کی سوتیلی والدہ سے تعلقات تھے، واٹس ایپ میسجز کے ذریعے پتا چلنے پر قاتل کراچی پہنچا۔

ہائی پروفائل دونوں مقدمات کے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج تھے، ملزمان کے خلاف ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش کی جائے گی۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں