بھارتی معروف ادکار ارشد وارثی نے انکشاف کیا ہے کہ مشہور رئیلیٹی شو بگ باس میں بحثیت میزبان ان کی جگہ سلمان خان نے کیوں لی اور کس وجہ سے فلم جولی ایل ایل بی 2 میں ان کی جگہ اکشے کمار کو کاسٹ کیا گیا۔
ارشد وارثی نے بگ باس شو کے پہلے سیزن کی میزبانی کی تھی، تاہم پھر ان کی جگہ سلمان خان نے لے لی اور یہ شو بھارت کے چند بڑے شوز میں شمار ہونے لگا، اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ارش وارثی نے کہا کہ پہلے سیزن کی میزبانی کے بعد میں بگ باس کا دوسرا سیزن نہیں کرسکتا تھا کیوں کہ مجھے شوٹنگ کے لیے لندن جانا تھا۔
انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اب تک بگ باس کے جتنے میزبان آئے، سلمان ان سب سے بہتر ہیں اور دبنگ خان سے بہتر اس شو کی میزبانی کوئی نہیں کرسکتا۔
اکشے کمار جولی ایل ایل بی 2 میں کس وجہ سے ان کی جگہ آئے، اس بارے میں بات کرتے ہوئے منا بھائی ایم بی بی ایس کے سرکٹ کا کہنا تھا کہ جولی ایل ایل بی 3 میں بھی آپ کو اکشے کمار ہی نظر آئیں گے پر اس میں وہ میرے ساتھ ہوں گے، کیوں کہ اصل منصوبہ یہی تھا کہ ہم دونوں کو اس سیریز کی تیسری فلم میں اکٹھا کیا جائے۔
اپنی جاندار اور بے ساختہ اداکاری کی وجہ سے مشہور بالی وڈ ایکٹر ارشد وارثی اس وقت او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کی جانے والی اپنی تھرلر سیریز ‘آثور 2’ کی کامیابی کے مزے لے رہے ہیں، جسے حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے۔