صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 16 اگست تک جارے رہے گا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ملک میں صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ 13 سے 16 اگست تک مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ 14 اگست پر صوبے کے بالائی علاقوں میں کہیں ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔
ترجمان کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے، دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ تربیلا بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 29 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 55 ہزار 500 کیوسک ہے، چشمہ کے مقام سے 2 لاکھ 89 ہزار 805 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔
اس کے علاوہ مرالہ، تریموں، سدھنائی اور سلیمانکی کے مقام پر پانی کی سطح میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تربیلا ڈیم 100 اور منگلا ڈیم 96 فیصد پانی سے بھر چکے ہیں۔