ممبئی: نامور فلمساز راکیش روشن نے بیٹے و معروف بالی وڈ اداکار ہریتک روشن کے ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا اعلان کر دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہریتک روشن اور یش راج فلمز نے فلم ’کرش 4‘ کیلیے ایک ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کر لیا، راکیش روشن نے تصدیق کی کہ فلم کی ہدایت کاری ان کا بیٹا خود کرے گا۔
اس سے قبل راکیش روشن نے اعلان کیا تھا کہ وہ ’کرش 4‘ کی ہدایت کاری نہیں کریں گے۔
آج انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ وہ 25 سال ہدایت کاری کرنے کے بعد اب ذمہ داری اپنے بیٹے کو دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلم ’ کرش‘ میں اداکاری کرنیوالے چائلڈ آرٹسٹ اب کیسے نظر آتے ہیں؟
راکیش روشن نے کہا کہ ہریتک کے پاس اگلی دہائیوں تک سامعین کے ساتھ کرش کے سفر کو آگے لے جانے کا واضح پلان ہے۔
انہوں نے فلم کو ایک مزیدار تخلیقی مجموعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرنچائز نے پوری دنیا کے فلم بینوں کو محظوظ کیا اور ہریتک روشن اب اس سُپر ہیرو کی کہانی کے اگلے چیپٹرز کا انکشاف کریں گے اور اس ویژن کو لے جائیں گے جو میں نے بہت سال پہلے بنایا تھا۔
یاد رہے کہ راکیش روشن نے 2003 میں ’کوئی مل گیا‘ کے ساتھ اس فرنچائز کا آغاز کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع ہونے کی توقع ہے جس کیلیے اسکرپٹ کو حتمی شکل دے دی گئی اور پری پروڈکشن کا کام جاری ہے۔