اسلام آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن (ایف آئی اے )ایجنسی نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے تین ملزمان گرفتار کرلیے جن میں نجکاری کمیشن کا ایک افسر ،سعودی سفارت خانے کا ڈرائیور اور ایک ڈاکٹر شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں، تحقیقات کے بعد ایف آئی اے نے اسلام آباد کے ایک گیسٹ ہائوس پر چھاپہ مار کر انسانی اسمگلنگ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جنہیں جمعرات کو عدالت میں پیش کیا جائےگا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والا ایک ملزم شاہد اقبال نجکاری کمیشن میں گریڈ سولہ کے عہدے پر تعینات ہے جبکہ ایک اور ملزم ابرار سعودی عرب کے سفارت خانے میں ڈرائیور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں ایک شخص ڈاکٹر ساجد بھی شامل ہے۔تینوں ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے لیے آج عدالت میں پیش کیا جائےگا۔