پاکستان کے سُپر اسٹار ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ ہماری خواہش ہے پاکستانی اداکار ہالی وڈ جاکر سیکھیں تاکہ انہیں کام کرنے کا ایکسپوژر ملے۔
ہمایوں سعید اے آر وائی فلمز کے بینر تلے ریلیز ہونے والی اپنی فلم ”لندن نہیں جاؤں گا“ کے لیے پُر امید ہیں جو عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عید پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں لوگوں کو سینما کی طرف واپس لانے میں کامیاب ہوجائیں گی۔
”اب پہلے کی طرح لوگ سینما نہیں جاتے لیکن ایسا بلکل نہیں کہ لوگ اب فلم دیکھنا پسند نہیں کرتے۔ یہ فلم ”پنجاب نہیں جاؤں گی“ سے بالکل مختلف ہے۔
مزید پڑھیں: ”لندن نہیں جاؤں گا“ لوگوں کے دلوں کو چھوئے گی، مہوش حیات
پاکستان فلم انڈسٹری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سینئر اداکار نے کہا کہ خواہش ہے ہمارے تمام اداکاروں کو ہالی وڈ بھیج دینا چاہیے تاکہ وہ وہاں سیکھ سکیں۔
”ہولی وڈ یا نیٹ فلیکس کے منصوبوں میں کام کرنا ہر اداکار کے لیے اچھا ہے اور وہ وہاں جاکر نظم و ضبط سیکھیں گے اور انہیں کام کرنے کا ایکسپوژر ملے گا“۔
انٹرویو میں ہمایوں سعید نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں بالی وڈ اور دیگر غیر ملکی فلموں کی نمائش کے حق میں ہوں کیوں کہ سنیما گھروں کو چلانے کے لیے مواد کی ضرورت ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ ”لندن نہیں جاؤں گا“ سلمان اقبال فلمز، اے آر وائی فلمز اور سکس سگما پلس کی مشترکہ پیشکش ہے جس کا دھماکے دار ٹریلر بھی ریلیز ہوچکا ہے۔
ندیم بیگ کی ہدایت کاری میں بنی فلم میں سُپر اسٹار ہمایوں سعید، مہوش حیات، کبریٰ خان اور سہیل احمد جلوے دکھائیں گے۔ فلم اس عید الاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔