لاہور/کراچی: صوبہ پنجاب اور سندھ میں کروناوائرس کے 1790 نئے کیسز سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 24 گھنٹے میں کرونا کے1347نئےکیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد صوبے میں وبا کے کیسز کی تعداد20077 ہوگئی، پنجاب میں 24گھنٹے میں مزید 13 افراد انتقال کرگئے۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا سے جاں بحق افراد کی تعداد337ہوگئی ہے، پنجاب بھر میں اب تک 197225 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں مزید کرونا کے 443 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جس کے بعد صوبے میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 22934 ہوگئی، 24 گھنٹے میں سندھ میں مزید 614افراد صحت یاب ہوئے، صوبے میں مزید 2مریض وبا سے انتقال کرگئے۔
پاکستان میں کرونا کے کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں، ظفر مرزا نے خبردار کردیا
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد369ہوگئی، گزشتہ24گھنٹے عید کے روز1852ٹیسٹ کیے گئے، عید کے باعث گزشتہ روز کم ٹیسٹ کیے گئے، 205 مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ 46وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں مجموعی طور پر 1لاکھ 59ہزار301ٹیسٹ کیے گئے، سندھ میں اس وقت14592مریض زیرعلاج ہیں، 12943گھروں، 790 آئیسولیشن مراکز اور 859اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، سندھ میں صحت یاب مریضوں کی تعداد7973 ہے، کراچی میں آج نئے 214 کیسز سامنے آئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ عوام سماجی دوری اور ایس او پیز کو خود رضاکارانہ طور پر اپنائیں، عید کے باعث کم ٹیسٹ کرسکے اس لیے نئے کیسز کم آئے، اللہ پاک کرے گا ہم اس بیماری سے جلد نجات پا لیں گے، ہم کرونا کو کنٹرول کرنے کے بعد معاشی بحالی پرتوجہ دیں گے، کراچی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے اس کو مزید ترقی دیں گے۔