حیدرآباد پولیس رینج منظم جرائم پیشہ عناصر کے لیے کسی نوگو ایریا سے کم نہیں، پولیس رینج کا خوف اسمگلنگ مافیا کے سر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔
ترجمان حیدرآباد پولیس رینج کے مطابق ٹھٹھہ پولیس کی پارٹی نے گھارو سے چھالیہ کا ایک اسمگلر پکڑا ہے، جب شک ہونے پر مہران کار کو چیکنگ کے لیے روکا گیا اور گاڑی کی تلاشی لی گئی تو پولیس پارٹی نے حیرانی سے سر پکڑ لیا، اسمگلنگ مافیا کے کارندے نے کار کے بمپر بونٹ حتی کے اسٹیئرنگ کے نیچے خفیہ خانے بنا کر چھالیے کو چھپایا ہوا تھا۔
مکمل سرچنگ کے بعد جب برآمد چھالیے کا وزن کیا گیا تو 3 من سے زیادہ کا نکلا، اس سے قبل بھی اسی طرح ایک کار اور موٹر سائیکل بھی پکڑی جا چکی ہے، ڈی آئی جی حیدرآباد رینج کی جانب سے رینج کے تمام ضلعی افسران کو اسمگلنگ مافیا اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات دیے گئے ہیں۔
کراچی سے یا دوسرے رینج سے کوئی بھی شخص جب حیدرآباد رینج میں داخل ہوتا ہے تو خصوصی تشکیل دی گئی پولیس پارٹیاں مختلف مقامات پر موجود ہوتی ہیں، جو کسی بھی مشتبہ شخص یا گاڑیوں کو روک کر تلاشی لیتی ہیں، ڈی آئی جی پی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو نے حیدرآباد رینج کا چارج سنبھالنے کے بعد محکمہ کا مورال بلند کرنے، تھانہ کلچر میں انقلابی تبدیلیوں اور جرائم پر قابو پانے کے لیے متعدد خاطر خواہ اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں مثالی کمی واقع ہوئی ہے۔
حیدرآباد رینج پولیس نے ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو کے احکامات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گزشتہ دو ماہ (2023-09-08 تا 2023-11-07) کے دوران رینج کے مختلف اضلاع میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 89 پولیس مقابلوں کے دوران 3 ڈاکو ہلاک، 199 گرفتار، 82 گینگز کا خاتمہ جب کہ 765 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی چرس، بھنگ، ہیروئن، آئس اور شراب برآمد کی۔ مضر صحت مین پوری اور گٹکے کے مکروہ کاروبار میں ملوث 923 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں تیار مین پوری اور خام مال بھی برآمد کیا گیا۔
حیدرآباد رینج میں 89 پولیس مقابلوں کے دوران 199 ملزمان گرفتار جب کہ 3 کیفر کردار تک پہنچے۔ رینج میں 82 گینگز کا خاتمہ کر کے 201 مقدمات درج کیے گئے جب کہ پولیس مقابلوں کے دوران مختلف اضلاع سے 199 گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے 10 کلاشنکوف، 7 عدد G3 رائفل، 1 رائفل، 30 رپیٹر، 162 پسٹلز، 7 عدد ریوالور، 494 راؤنڈ اور کارتوس، ایک عدد ہینڈ گرنیڈ برآمد کر کے ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت 201 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھی حیدرآباد رینج پولیس سرگرم عمل رہی، حیدرآباد رینج میں مختلف کارروائیوں کے تحت 765 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 224.143 کلو گرام چرس، 0.12 ہیروئن، 42.9 کلو گرام بھنگ، 0.3 کلو گرام آئس، 37872 لیٹر شراب برآمد کر کے امتناع منشیات کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔
ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج کے احکامات پر رینج میں مختلف مواقع پر مفرور، روپوش، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے مختلف مہمات کا آغاز کیا گیا، جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے۔ حیدرآباد رینج پولیس نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث 907 مفرور اور 1720 روپوش ملزمان کو گرفتار کیا، جب کہ گرفتار شدہ 815 مفرور اور 491 روپوش ملزمان کو اسٹرک آف کیا گیا۔
حیدرآباد رینج پولیس کی جانب سے منہ اور گلے کے کینسر کا باعث بننے والے مضر صحت مین پوری اور گٹکے کی تیاری اور خرید و فروخت کے مکروہ کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف قابل ذکر کارروائیاں جاری ہیں۔ مین پوری اور گٹکے کی تیاری، خرید و فروخت اور اس کے بڑے ڈیلر ز کے خلاف 781 مقدمات درج کر کے 923 ملزمان کو گرفتارکیا جا چکا ہے، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 11 لاکھ 59 ہزار 114 تیار مین پوریاں، مین پوری کی تیاری میں استعمال ہونے والا 52534.9 کلو گرام خام مال اور 6792 پیکٹ گٹکے کے برآمد کیے گئے۔
اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو ان کی موٹر سائیکلوں اور قیمتی گاڑیوں سے محروم کرنے والے موٹر سائیکلز/وھیکلز اسنیچرز، لفٹرز کے قبضے سے 104 گاڑیاں اور 170 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں، ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق دھاریجو کے مطابق آئی جی سندھ کے احکامات کے بعد رینج میں زیرو ٹالرنس پالیسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔