تازہ ترین

’محمد عامر آئے تو میں نے سوچ لیا کہ اب ریٹائرمنٹ کا وقت آچکا‘

قومی ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا کہنا ہے کہ جب فاسٹ بولر محمد عامر ٹیم میں آئے تو میں نے سوچ لیا تھا کہ اب ریٹائرمنٹ کا وقت آچکا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ جب محمد آصف کرکٹ میں آئے مجھے بے حد خوشی ہوئی تھی، میں سوچتا تھا کہ جو کام ہم سے نہیں ہوتا وہ آصف بہت آسانی سے کردیتا ہے اس کے بعد جب محمد عامر آئے تو میں نے سوچ لیا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا ٹائم آچکا ہے اس کے بعد میں 2007 میں ریٹائر ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ جب 2009 کے آخر میں خبریں آئیں کہ میچ فکسنگ کیس میں پاکستانی ٹیم کے لڑکے پکڑے گئے اس کے بعد مجھے گھر والوں اور دوستوں نے بھی کہا کہ ہمیں اندازہ ہے تم میچ نہیں کھیل سکتے لیکن پاکستان کے لیے ایک سال کھیل لو چاہے اس کے لیے ہر روز انجیکشن کیوں نہ لگوانے پڑیں۔

شعیب اختر نے کہا کہ اس وقت میں نے فیصلہ کیا کہ مجھے عدم تحفظ کا شکار نہیں ہونا کیونکہ ہمارے بڑوں نے بھی ہمارے ساتھ ایسی فیلنگ شو نہیں کی تھیں اس لیے میں نے ہمیشہ اپنے جونیئرز کی حوصلہ افزائی کی۔

واضح رہے کہ فاسٹ بولر محمد آصف، محمد عامر، اور سلمان بٹ کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں اسپاٹ فکسنگ کے کیس میں سزا سنائی گئی تھی، سزا مکمل ہونے کے بعد محمد عامر کی ٹیم میں واپسی ہوئی لیکن آصف اور سلمان بٹ ٹیم میں واپس نہ آسکے۔

محمد عامر نے مصباح الحق اور وقار یونس پر الزامات عائد کرکے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی لیکن نسیم شاہ کے انجرڈ ہونے کے بعد شائقین کرکٹ محمد عامر کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -