اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ایسے شخص کو پارٹی ٹکٹ نہیں دوں گا جو اپنی بہن کو وراثتی حق نہ دے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حیا مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ہماری سوسائٹی میں ماں،بہن اور بیٹی طاقتور ہے، پاکستان کی سوسائٹی اسلامی سوسائٹی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلام میں عورت اور مرد کا اپنا اپنا مقام ہے، ہم چاہتے ہیں بہنیں ڈاکٹرز، انجینئرز ، پروفیسر ، پائلٹ بنیں، ہم تو چاہتے ہیں ہماری خواتین چاند تو کیا مریخ کا سفر کریں۔
سراج الحق نے کہا کہ خواتین کے مساوی حقوق کے لیے سینیٹ میں آواز اٹھاتا رہوں گا، ایوان قومی اسمبلی میں سب سے اچھی کارکردگی خواتین کی ہے۔
وراثت سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے ہماری بہنوں کو وراثت میں ان کا حق دیا جائے، ایسے شخص کو پارٹی ٹکٹ نہیں دوں گا جو اپنی بہن کو وراثتی حق نہ دے۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی میں خواتین کو بڑا مرتبہ حاصل ہے، یہ بہنیں صرف سپورٹر نہیں یہ ہماری پارٹی کا حصہ ہیں۔
مرد اور عورت کو لڑانے والے انسانیت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، سراج الحق
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مرد اور عورت کو لڑانے والے انسانیت کو بتاہ کرنا چاہتے ہیں۔