تازہ ترین

آئی سی سی کا کرکٹ قوانین میں ترامیم کا اعلان، بڑی پابندی مستقل عائد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ قوانین میں ایک بار پھر ترامیم کا اعلان کیا ہے جن کا اطلاق یکم اکتوبر 2022 سے ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے کی جانے والی نئی ترامیم میں کریز پر آنے والا نیا بیٹر اب اسٹرائیکر اینڈ پر گیند کا سامنا کرے گا جب کہ گزشتہ قانون میں نیا بیٹر کیچ کی صورت میں کریز کراس ہونے پر بولنگ اینڈ پر جاتا تھا۔

آئی سی سی نے اب گیند پر تھوک لگانے پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی ہے جب کہ اس سے قبل کووڈ 19 کی وجہ سے گیند پر تھوک لگانے کی عارضی پابندی عائد کی گئی تھی جس کو اب مستقل کردیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق نئے بیٹسمین کے گراؤنڈ مٰں آنے کا وقت بھی کم کردیا گیا ہے جس کے مطابق اب نیا آنے والا بیٹر اگر 2 منٹ میں کریز پر نہیں پہنچا تو ٹائم آؤٹ ہوجائے گا اس سے قبل یہ وقت تین منٹ پر محیط تھا جب کہ ٹی ٹوئنٹی میں بیٹر کو صرف 90 سیکنڈ یعنی ڈیڑھ منٹ میں کریز پر پہنچنا ہوگا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کھیل میں جدت لانے اور کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے کرکٹ قوانین میں تبدیلیاں کرتا رہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس، کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیاں کر دی گئیں

دو سال قبل آئی سی سی نے کورونا وائرس کے پیش نظر کھلاڑیوں کی صحت اور کھیل کو محفوظ بنانے کے لیے قوانین میں بڑی تبدیلیاں کی تھیں۔

Comments

- Advertisement -