23.5 C
Dublin
ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 106 رنز کا ہدف، پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا جو ویسٹ انڈین ٹیم نے 13.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کرس گیل نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گری جب شائے ہوپ 11 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے، ڈیرن براؤو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کرس گیل نے 34 گیندوں پر 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

- Advertisement -

پورن 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ ہیٹ میئر نے 7 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تینوں وکٹیں حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے ہی میچ میں پاکستان کی بیٹنگ بری طرح ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی پوری بیٹنگ لائن صرف 21.4 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔ فخر زمان اور بابر اعظم 22، 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کے بقیہ 7 کھلاڑی ڈبل فگر بھی نہ بنا سکے۔

ویسٹ انڈین بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، کپتان جیسن ہولڈر نے 3، تھامس نے 4 اور آندرے رسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اننگز کے اختتام پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا، یہ پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

میچ سے قبل ناٹنگھم میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میچ دیکھنے پہنچی۔ میچ کے آغاز سے قبل پاکستانی شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا، پاکستانیوں نے ڈبل ڈیکر بس پر جشن منایا جبکہ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

میچ سے قبل قومی ٹیم نے ٹرینٹ برج کے گراؤنڈ میں جم کر پریکٹس بھی کی۔ میچ کے لیے بارہ رکنی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، سرفراز احمد، حارث سہیل، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔

ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے، پہلے سے انگلینڈ آ کر تیاری کا اچھا موقع ملا۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ناٹنگھم کی پچ کا اندازہ ہے، ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بولنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ ورلڈ کپ سے پہلے بلے بازوں کا فارم میں آنا خوش آئند ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم انگلینڈ نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا، پہلے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست دے کر مخالفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

ماہرین کے مطابق ہوم گراؤنڈ پر انگلش ٹیم بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے، میزبان کے سیمی فائنل میں‌ پہنچنے کے امکانات پر بھی بات ہو رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں