پاکستان کے جارح مزاج بلے باز صائم ایوب آئی سی سی مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزد ہو گئے۔
حال ہی میں دورہ آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا کے دوران صائم ایوب نے اپنی شاندار بیٹنگ کی دھاک بٹھائی، مجموعی طور پر انہوں نے 9 ون ڈے میچز میں 3 سنچریز اور ایک نصف سنچری کے ساتھ 515 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ سری لنکا کے کمیندو مینڈس، انگلینڈ کے گس ایٹکنسن اور ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف کو بھی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
11 میچز میں گس ایٹکنسن نے 52 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ کمیندو مینڈس نے 32 میچز میں 1451 رنز بنائے ہیں اور شمر جوزف نے 8 ٹیسٹ میچز میں 29 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری جانب آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے بھی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔
اسکاٹ لینڈ کی سسکیا ہارلے، جنوبی افریقا کی انیری ڈرکسن، بھارت کی شریانکا پٹیل اور آئرلینڈ کی فریا سارجنٹ کو بھی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
سال 2024ء میں مختلف کیٹیگریز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈز دیے جائیں گے، اس حوالے سے نامزدگیوں کے اعلان کا سلسلہ 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔
سنیل گواسکر نے رشبھ پنت کے آؤٹ ہونے پر دوران کمنٹری کیا کہا؟
واضح رہے کہ 12 کیٹیگریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو آئی سی سی ایوارڈز سے نوازا جائے گا جبکہ ایوارڈز حاصل کرنے والوں کے ناموں کا اعلان جنوری کے آخر میں کیا جائے گا۔