دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے، ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی پر قومی کھلاڑیوں کی تنزلی ہوئی جبکہ افغانستان کے راشد خان نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق بیٹنگ اور بولنگ پر بھارتی کھلاڑی سرفہرست ہیں، بولنگ میں جسپرت بھمرا اور بیٹنگ میں ویرات کوہلی پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے بابراعظم شامل ہیں جن کی رینکنگ میں چار درجے تنزلی ہوئی اور چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں، امام الحق 15 درجے بہتری کے بعد 27ویں نمبر پر آگئے جبکہ فخر زمان 19ویں نمبر پر موجود ہیں۔
بولنگ کے شعبے میں ابتدائی 10 بہترین بولرز میں پاکستان کے حسن علی کا چھٹا نمبر ہے، پہلی پوزیشن پر بھارت کے جسپرت بھمرا، افغانستان کے راشد خان دوسرے، کلدیپ یادیو تیسرے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ چوتھی اور کینگروز کے جوش ہیزل ووڈ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
آل راؤنڈر رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے، شکیب الحسن ایشیا کپ کے دوران انجرڈ ہونے بقیہ میچز میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔
ٹیم رینکنگ میں قومی ٹیم کا نمبر پانچواں ہے، جبکہ انگلینڈ پہلے نمبر پر موجود ہے، بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا چھٹے نمبر پر موجود ہے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں، افغانستان دسویں جبکہ زمبابوے گیارہویں نمبر پر براجمان ہے۔