تازہ ترین

آئی سی سی نے بھارت کے سامنے پھر گھٹنے ٹیک دیے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بین الاقوامی کرکٹ کا نیا فنانشل ماڈل تیار کرلیا ہے جس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اس نے بھارت کے سامنے پھر گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی نے انٹرنیشنل کرکٹ کا نیا فنانشل ماڈل تیار کر لیا ہے۔ آئندہ چار سال کے لیے تیار کیے گئے مجوزہ مالیاتی ماڈل کی تقسیم میں آئی سی سی نے ایک بار پھر بھارت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔

اس چار سالہ مجوزہ مالیاتی ماڈل کی تقسیم کے تحت بھارت آئی سی سی کی 600 ملین ڈالرز کی سالانہ کمائی کا 40 فیصد حصہ لے جائے گا جب کہ پاکستان کو صرف 34.5 ملین ڈالرز ہی ملیں گے جو مجموعی ریونیو کا 6 فیصد سے بھی کم ہے۔

بھارت کے بعد آئی سی سی سے سب سے زیادہ ریونیو انگلینڈ اور آسٹریلیا حاصل کریں گے۔ افغانستان کو آئی سی سی سے سب سے کم حصہ ملے گا جو مجموعی آمدنی کا 2.8 فیصد ہوگا۔

آئی سی سی کی جانب سے ایسوسی ایٹ ممبرز میں صرف 67.16 ملین ڈالرز ہی بانٹے جائیں گے۔

آئی سی سی کے اس مجوزہ ماڈل میں بھارت نوازی سے یہ سوال کھڑا ہوگیا ہے کہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی آئی سی سی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہے یا انڈین کرکٹ کونسل؟ اور کیا بگ تھری تاحال قائم ہے؟

واضح رہے کہ آئی سی سی اس سے قبل بھی کئی ایسے فیصلے کرچکا ہے جس کا براہ راست فائدہ بھارت کو پہنچا ہے اور دیگر کرکٹ بورڈز کو نقصان برداشت کرنا پڑے ہیں۔

Comments

- Advertisement -