دبئی: بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے ایک دن میں ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا، آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے لیے متبادل پلان تیار کرلیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلر ڈائز نے امید ظاہر کی کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق بھارت میں ہوگا، بھارت میں ایونٹ نہ ہونے کی صورت میں ہمارے پاس بیک اپ پلان بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں صرف 6 ماہ باقی ہیں اور بھارت کورونا وائرس کی دوسری لہر سے دوچار ہے۔
جیف ایلر ڈائز نے کہا کہ صرف 6 مارچ کو ہی ملک میں 1 لاکھ 15ہزار سے زائد کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ’ہاں ہمارے پاس بیک اپ پلان ہے‘، لیکن اس مرحلے پر ان پلانز کو فعال نہیں کیا ہے۔
آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ آئی سی سی بھارت میں میگا ایونٹ شیڈول کے مطابق کروانے کے منصوبے پر آگے بڑھ رہا ہے۔