دبئی: آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں قومی ٹیم کے مڈل آرڈربیٹر سعود شکیل کی ترقی اور بابر اعظم کی تنزلی ہوگئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 84 رنز بنانے پر سعود شکیل تین درجہ ترقی کے بعد کیریئر بیسٹ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔
اسٹار بیٹر بابر اعظم دو درجہ تنزلی کے بعد 17ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
بیٹرز رینکنگ میں انگلینڈ کے مایہ ناز بیٹر جو روٹ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ انگلینڈ کے ہیری بروک کا دوسرا اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کا تیسرا نمبر ہے۔
بھارت کے یشسوی جیسوال ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے۔
بولرز رینکنگ میں نعمان علی ایک درجہ نیچے نویں نمبر پر چلے گئے، شاہین آفریدی کی بھی تنزلی ہوئی ہے وہ 18ویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ بھارت کے جسپریت بمراہ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں رویندرا جڈیجا کا پہلا نمبر برقرار ہے اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز 4 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے۔