آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم سمیت پاکستانی کھلاڑیوں کی ترقی ہوئی ہے جب کہ ویرات کوہلی ٹاپ 20 سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں بابر اعظم سمیت کئی پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ بہتر ہوئی ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بدترین ناکامی نے بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو ٹاپ 20 سے بھی باہر کر دیا ہے۔
نئی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں پاکستانی بیٹر سعود شکیل دو درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے۔ بابر اعظم ایک درجے ترقی پاکر 17 ویں، سلمان آغا ایک درجہ ترقی پا کر 19 ویں اور محمد رضوان 2 درجے ترقی پاکر 20 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹیسٹ بیٹرز میں انگلش بلے باز جو روٹ کا پہلا اور کیوی بلے باز کین ولیمسن کا دوسرا نمبر برقرار ہے۔ انگلینڈ کے ہیری بروک نے بھارتی کے یشوی جیسوال سے تیسری پوزیشن چھین لی ہے۔ یشوی جیسوال چوتھے نمبر پر ہیں۔
آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ پانچویں، بھارت کے رشبھ پنت 5 درجے ترقی پا کر چھٹے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل 8 درجے کی اونچی چھلانگ لگا کر ساتویں، انگلش بیٹر عثمان خواجہ آٹھویں، سعود شکیل نویں اور آسٹریلیا کے مارنس لبھوشن دسویں نمبر پر ہیں۔
ویرات کوہلی جو نیوزی لینڈ کے خلاف تینوں ٹیسٹ میچوں میں بدترین ناکامی سے دوچار ہوئے اور چھ اننگز میں صرف 93 رنز ہی بنا سکے وہ 8 درجہ تنزلی کے بعد 14 ویں سے 22 ویں نمبر پر جا پہنچے ہیں جب کہ کپتان روہت شرما مزید نیچے 26 ویں نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا کا پہلا نمبر برقرار ہے۔ انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی کا صلہ پاکستان کے نعمان علی کو ملا اور لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہوئے اور اب نویں نمبر پر ہیں۔
بھارت کے رویندرا جڈیجا دو درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ کیشو مہاراج چار درجے ترقی کے بعد 19 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا پہلے اور روی چندرن ایشون دوسرے نمبر پر ہیں۔ بنگلادیشی آل راونڈر شکیب الحسن ایک درجہ ترقی پاکر تیسرے نمبر پر آگئے۔
ویسٹ نڈیز کے جیسن ہولڈر اور انگلینڈ کے جو روٹ ایک ایک درجہ ترقی کے بعد بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر آگئے۔