تازہ ترین

سعودی عرب بھیجے جانے والے تندوروں سے آئس نکل آئی

کراچی: سعودی عرب کے شہر جدہ بھیجے جانے والے تندوروں میں آئس چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم اینٹی نارکوٹکس فورس نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔

تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے کراچی شارع فیصل پر نجی کوریئر آفس میں کارروائی کر کے تندوروں کے ذریعے سعودی عرب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، دوسری طرف باچا خان ایئر پورٹ پر قطر جانے والے ملزم کے پیٹ سے 120 چرس بھرے کیپسول برآمد ہو گئے ہیں۔

اے این ایف کا کہنا ہے کہ جدہ بھیجے جانے والے تندوروں میں آئس چھپائی گئی تھی، 6 تندوروں میں سے مجموعی طور پر 56 کلو آئس برآمد ہوئی، سامان بھیجنے والے خیبر کے رہائشی ملزم اقرار احمد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ بس کے ذریعے مزید 5 تندور کراچی پہنچ چکے ہیں، چیکنگ کے بعد 2 تندور سہراب گوٹھ اور 3 لیاری کے قریب سے برآمد کیے گئے۔

اے این ایف کے مطابق 11 تندوروں میں سے مجموعی طور پر 88 کلو 500 گرام آئس برآمد ہوئی ہے، جب کہ اقرار نامی ملزم پہلے بھی راولپنڈی میں منشیات پارسل کیس میں مطلوب تھا۔

ادھر باچا خان ایئر پورٹ پر قطر جانے والے مسافر کے پیٹ سے 120 چرس بھرے کیپسول برآمد ہوئے، راولپنڈی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، اس کی نشان دہی پر اس کے ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

اے این ایف اور اے ایس ایف نے لاہور ایئر پورٹ پر بھی ایک مشترکہ کارروائی کی، اور دوحہ جانے والے 2 ملزمان کے ٹرالی بیگ سے 7 کلو 500 گرام ہیروئن برآمد کر لی، پاکپتن کی رہائشی خاتون اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، اور ان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر دیے گئے۔

Comments

- Advertisement -
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں