کراچی: شہر قائد کے تعلیمی اداروں میں آئس کا زہر فراہم کرنے والا گروہ پکڑا گیا، پولیس نے پندرہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بہادر آباد سے تعلیمی اداروں میں آئس نشہ فروخت کرنے والا 15 رکنی گروہ گرفتار کرلیا گیا، ملزمان میں ایم کیو ایم کی خاتون کونسلر بھی شامل ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون ملزمہ نارتھ ناظم آباد یوسی 21 کی کونسلر اور خود بھی آئس نشے کی عادی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منشیات فروخت کرتے تھے، گروہ نوجوان لڑکے لڑکیوں کو ٹریپ کرتا تھا ان کی ویڈیو بناتا اور بلیک میل کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جو ویڈیو ملیں ان میں تشدد، جنسی ہراساں، زیادتی اور منشیات کے لیے ٹرپاتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش ماما بشیر کا نام لیا جو منشیات کا ٹاپ لیول کا ڈیلر ہے، ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے کی منشیات، اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کرلیے گئے۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری میں بھی کراچی کے تعلیمی اداروں میں آئس نشہ فروخت کرنے والے ڈیلر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔
منشیات فروش گروہ میں شامل تین لڑکیاں بھی پکڑی گئی تھی، ملزمان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والا آئس ڈیلر روحیل شکیل عرف راجو متعدد مقدمات میں کافی عرصے سے مطلوب تھا۔