منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

’شکاگو، کوالالمپور، ڈھاکا اور نیو دہلی سمیت دیگر شہروں سے کراچی بہتر ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: حال ہی میں تعینات ہونے والے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ کرائم انڈیکس میں شکاگو، کوالالمپور، ڈھاکا اور نیو دہلی سمیت کئی دیگر شہروں سے کراچی بہتر ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کی، انھوں نے شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کی ابتر صورت حال پر اپنا مؤقف پیش کیا، اور اس سلسلے میں کیسز کے جلد فیصلوں کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی جی سندھ نے کہا ورلڈ کرائم انڈیکس میں کراچی کا کرائم گراف دن بدن نیچے آ رہا ہے، ایک وقت تھا جب کراچی کرائم انڈیکس میں 13 ویں نمبر پر تھا، آج کراچی 129 نمبر پر ہے، دنیا کے بڑے شہروں شکاگو، کوالالمپور، ڈھاکا اور نیو دہلی سمیت دیگر شہروں سے کراچی بہتر ہے۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا اسٹریٹ کرائم کیسز کا فیصلہ فوری ہونا چاہیے، یہ ایسا پہلو ہے جس پر اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر غور کرنا ہوگا، پولیس کو احکامات ہیں کہ اسٹریٹ کرائم پر فوری رپورٹ درج کریں، اندراج سے ہی اندازہ ہوتا ہے کتنے کیسز رپورٹ ہوئے۔

میڈیا کے حوالے سے غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ جب اسٹریٹ کرائم کے کیسز زیادہ ہوتے ہیں تو میڈیا اس پر تنقید کرتا ہے، اگر تنقید مثبت ہو تو ہم جواب دیں گے، ہمیں ایف آئی آر فری رجسٹریشن پر جانا ہوگا تاکہ مقدمات کے بعد مدعی کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اور کیس کا فیصلہ جلد ہوگا تو انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے، مدعی بھی فیصلے سے خوش ہوگا۔

انھوں نے ایک اہم نکتہ اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کیس پراپرٹی کا قانون بنانا چاہیے، تاکہ عدالت میں ثبوت کے طور پر دکھائے جانے کے بعد پراپرٹی فورا مالک کو واپس مل جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا مجھے پروفیشنلی جو کام کرنے چاہیے وہ میں کر رہا ہوں، حکومت چاہتی ہے کہ امن و امان کی صورت حال بہتر ہو، ہم چاہیں گے کہ بہترین پولیسنگ کر کے عوام کو سہولیات فراہم کریں، بہتر سے بہتر پولیسنگ کرکے کرائم کے گراف کو نیچے لایا جائے گا۔

غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کو بہتر سے بہتر ہونا چاہیے، ہماری پوری کوشش ہے کہ پولیس کی نفری کو بڑھائیں، انویسٹیگیشن برانچ میں بہتری کی کوشش کر رہے ہیں، شہریوں کی مدد سے 44 ہزار کیمرے لگائے جا چکے ہیں، مختصر یہ کہ شہر کی بہتری کے لیے اچھے کام ہو رہے ہیں، اور حکومت سندھ کے تعاون سے سیف سٹی پروجیکٹ بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں