ہفتہ, مئی 24, 2025
اشتہار

تاخیری حربے اب نہیں چلیں گے! آئی جی سندھ کی پولیس کو آخری وارننگ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سندھ پولیس کو آخری وارننگ جاری کردی اور کہا ایف آئی آر اندراج پر سندھ پولیس کے تاخیری حربے اب نہیں چلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کی سندھ پولیس کے افسران سے میٹنگ کا اندرونی احوال سامنے آگیا، سنگین جرم کے بعد فوری مقدمات کا اندراج نا ہونے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سندھ پولیس کو آخری وارننگ جاری کردی۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ چار جرم ایسے ہیں جن پر اب غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ، قتل، ریپ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری مقدمات کا فوری اندراج کریں۔

انھوں نے خبردار کیا ایس پی سے پوچھ لوں ایس ایچ او سے پوچھ لوں اب یہ طریقہ کار ختم کرو، ڈیوٹی افسر کو ایف آئی آر کاٹنے کے اختیار دو ، شہری بھی پولیس سے تعاون کریں اور مقدمہ وقت پر درج کروائیں۔

مزید پڑھیں : رشوت خور افسران و اہلکاروں کیخلاف آئی جی سندھ کا بڑا حکم جاری

ان کا کہنا تھا کہ اکثر شہری واردات یا سنگین جرم ہونے کے بعد مقدمہ درج نہیں کرواتے اور کئی کیسز میں شہری کئی روز کے بعد مقدمہ اندراج کرواتے ہیں جس کے باعث کیس تاخیر سے درج ہونے کا فائدہ ہمیشہ ملزم کو جاتا ہے ساتھ ہی کیس کی پیروی کے دوران تاخیر کو منصوبہ بندی کا تاثر ملتا ہے۔

آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ اب مقدمہ درج وقت پر درج نہ ہوا تو صرف ایس ایچ او کے خلاف ایکشن نہیں ہوگا اور سینئیر سطح کے افسر کو اب ایکسپلینیشن نہیں دی جائے گی بلکہ اب باقاعدہ ڈیٹا تیار کررہے ہیں کب واقعہ ہوا؟ کب مقدمہ ہوا؟ یہ بھی دیکھیں گے شہری خود دیر سے گیا یا پولیس نے تاخیر کی شہری کو آگاہی دیں گے کہ تاخیر کی وجہ سے آپ کا کیس آگے خراب ہوسکتا ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ عدالت میں ملزم شک کی بنیاد پر اسی لیے چھوٹتا ہے کہ مقدمہ کمزور ہوتا ہے، مدعی اگر فوری مقدمہ درج کروائے اور پیروی کرے تو ملزم چھوٹ نہیں سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اب فوری مقدمات درج کرے گی لیکن شہری بھی پولیس سے تعاون کریں تاکہ کسی بھی جرم میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جاسکے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں