کراچی: شہرقائد کے باسیوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے اپنا واٹس ایپ نمبر عام کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کلیم امام نے شہر قائد میں پیش آنے والے حالیہ واقعات کے تناظر میں عوام سے اپیل کی ہے وہ جرائم کی روک تھام میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور فوری اطلاع دیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آس پاس یا اطراف کے علاقوں یا پڑوس میں کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی ، مشتبہ افراد یا کوئی مشکوک گاڑی، موٹرسائیکل، بیگ ،پارسل ،تھیلا یا بریف کیس وغیرہ دیکھیں تو فوری طور پر مددگار15 پر اطلاع دیں ۔
شہری قریبی تھانے میں، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز دفاتر کو بھی اطلاع دے کر جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس کے ہاتھ مضبوط کرسکتے ہیں۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ عوام مجھے مندرجہ ذیل واٹس ایپ نمبر پر بھی اطلاع کرسکتے ہیں، یا پھر خود کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل کے لیے اور بالخصوص پولیس کے خلاف اپنی شکایات اس واٹس ایپ نمبر پر شیئر کرسکتے ہیں۔
[bs-quote quote=”0300-0021881
” style=”style-8″ align=”center”][/bs-quote]
انہوں نے سندھ بھر کے تمام ضلعی ایس ایس پیزکو جاری کردہ احکامات میں کہا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ نمبر فوری طور پرعوام کے لیے عام کریں تاکہ امن وامان کی صورتحال پر مکمل کنٹرول کے ساتھ ساتھ جرائم کے خلاف پولیس کے مجموعی اقدامات کو عوام کے انفرادی اوراجتماعی کردار کی بدولت مزید تقویت بھی دی جاسکے۔
انہوں نے عوام کے نام ایک پیغام میں کہا کہ جرائم کے خلاف جاری جنگ میں پولیس کے ہاتھوں کو مزید مضبوط کریں کیونکہ یہ آپ کی اپنی فورس ہے اور اس کا کام ہی قانون پسند شہریوں کا تحفظ اورامن وامان جیسے اقدامات کو تقویت دینا ہے۔