کراچی: انسپکٹر جنرل سندھ پولیس رفعت مختار کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ریکوائرمنٹ کے مطابق ٹرانسفر پوسٹنگز ہوں گی۔
آئی جی سندھ نے سندھی مسلم سوسائٹی کے نجی ریسٹورنٹ میں شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر متعلقہ افسران کو ان کے مسائل حل کرنے کیلیے احکامات جاری کیے۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران رفعت مختار سے سوال کیا گیا کہ سندھ میں ٹرانسفر پوسٹنگ کے حوالے سے کافی افواہیں ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جس معاشرے میں جھوٹ ہوگا تو وہاں افواہیں ہی پھیلیں گی، ٹرانسفر پوسٹنگ الیکشن کمیشن کی ریکوائرمنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات شفاف کروانے ہیں اس لیے ٹرانسفر پوسٹنگ ہونی ہے اس میں کوئی افواہ نہیں۔
آئی جی سندھ سے ایک اور سوال پوچھا گیا کہ سسٹم کی بہت گونج ہے سنا ہے اس کے خلاف آپریشن ہونے والا ہے؟ جس پر رفعت مختار نے جواب دیا کہ میں کسی سسٹم کو نہیں جانتا تو میں سسٹم کے اندر کام کیسے کروں گا۔
قبل ازیں شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ شہیدوں کے فیملی سے ملاقات کا مقصد ان کو یہ احساس دلانا ہے کہ وہ کبھی تنہا نہیں ہیں بلکہ سندھ پولیس ان کے مسائل میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہے، شہید اہلکار ہمارا فخر ہیں جنہوں نے امن و امان کے نفاذ کے دوران فرائض منصبی سرانجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
تقریب کے دوران شہید اہلکاروں کے بچے آئی جی سندھ کے ساتھ گھل مل گئے اور ان کے ساتھ تصاویر بناتے رہے۔
آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ شہیدوں کے اہل خانہ سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا میں جس رینج جاؤں گا وہاں ریٹائر ملازمین اور شہداء کی فیملی سے ملاقات کروں گا۔