اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈریفرنس میں سزا کیخلاف سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی اپیلوں پر سماعت یکم ستمبر کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈریفرنس میں سزا کیخلاف سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی یکم ستمبر کو کریں گے۔
نوازشریف کی جانب سے حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست دائرکرنےپرغور کیا جارہا ہے جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف بھی نواز شریف کی اپیل سماعت کیلئے مقرر ہے۔
یاد رہے 19 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کےدو رکنی بینچ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے مختصر فیصلے میں نوازشریف، مریم اور صفدر کی سزائیں معطل کرکے تینوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے نواز شریف، مریم نواز، محمد صفدر کو 5،5لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی تھی۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نیب نے ضمانت کی درخواستوں پر بحث کے لئے زیادہ سہارا پاناما فیصلے کا لیا۔ بادی النظر میں ملزمان کو دی گئی سزائیں زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتیں، احتساب عدالت نے اپارٹمنٹس خریداری میں مریم نواز کی نوازشریف کو معاونت کا حوالہ نہیں دیا، مریم نواز کی معاونت کے شواہد کا ذکربھی نہیں
واضح رہے احتساب عدالت نے ایون فیلڈریفرنس 6جولائی 2018 کوقید وجرمانہ کی سزا سنائی تھی، نوازشریف کو10،مریم صفدر کو7 اور کیپٹن صفدر کو1سال قید کی سزاسنائی گئی تھی۔
ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد نوازشریف، مریم نواز،کیپٹن صفدر ضمانت پرہیں۔