پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا کیس: وفاق، قاسم سوری اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو نوٹس جاری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاق، قاسم سوری اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر کے قومی اسمبلی اجلاس تاخیر سے بلانے کے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 16 اپریل کوقومی اسمبلی اجلاس بلاکر22اپریل تک ملتوی کردیا گیا، ڈپٹی اسپیکراس وقت قائم مقام اسپیکر ہے، کیونکہ اسپیکر مستعفی ہوچکے۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کیا اس اجلاس کا اہم ایجنڈا اسپیکر قومی اسمبلی منتخب کرناہے ؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ جی اس اجلاس میں اسپیکرقومی اسمبلی کومنتخب کرناہے ، 16اپریل کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر کو ہٹانے کا کوئی ایجنڈا شامل نہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جو رول میں نہیں ہے اس میں نہیں جا سکتے، ہم اگرنوٹس کر لیں تو اس وقت تک 22 تاریخ گزر جائے گی، جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ عدالت نے صرف آئین کے تحت کارروائی کرنا ہے۔

وکیل نے مختلف عدالتوں کے فیصلوں کا حوالہ دیا ، جس پر جسٹس بابر ستار نے کہا تو پھر آئین کے آرٹیکل 69 سے آپ کیسے باہر نکل جائیں گے۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ یہ کیس پارلیمان کی اندرونی کاروائی سے متعلق ہے، مگر سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں، سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نےڈپٹی اسپیکرکی رولنگ کومعطل کیا ، اظہر صدیق کیس میں واضح کیا عدالت کہاں مداخلت کرسکتی ہے۔

جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کیا ڈپٹی اسپیکر اپنے ہٹانے کا ایجنڈا بھی جاری کرسکتا ہے؟ جسٹس عامر فاروق نے بھی پوچھا کیا آپ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ مزید تاخیر کرسکتا ہے؟

چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ آپ کے پاس کوئی گراؤنڈ نہیں ہے، ہم ایسے کوئی آرڈر نہیں دے سکتے، قومی اسمبلی کا اجلاس 22 اپریل کو بلایا گیا تو اجلاس ہونےدے۔

وکیل درخواست گزار نے سوال کیا اگر 22 اپریل کو بھی قومی اسمبلی کااجلاس نہ بلایا جائے ؟ جس پر عدالت نے کہا 22 اپریل کو اجلاس نہیں بلاتے یہ تو فی الحال مفروضہ ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹ کی عزت کا خیال رکھیں اور 22 تاریخ مقرر ہے، جس پر وکیل نے کہا عدالت پیر کے روز کے لئے نوٹس کر لے، آئین میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات موجود ہیں۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عدالت کو ابھی تک مطمئن نہیں کر رہے ہیں، پارلیمنٹ کی بےتوقیری بہت ہو گئی ہے، مزید بے توقیری نہیں ہونی چاہیے۔

عدالت نے وفاق، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔

اہم ترین

مزید خبریں