اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے صدر نیشنل بینک عارف عثمانی اور چیئرمین نیشنل بینک زبیر سومرو کو نااہلی قرار دیتے ہوئے فوری عہدے سے ہٹٓانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے صدر نیشنل بینک عارف عثمانی کی تعیناتی کے بارہ جنوری 2019 کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
فیصلے میں عدالت نے چیئرمین نیشنل بینک زبیر سومرو اور صدر عثمانی کو فوری طور پر عہدوں سے برخاست کر دیا اور دونوں کی تقرری میرٹ پر نا ہونے کی بنا پر دونوں کو نااہل قرار دے دیا۔
جب اوپن کورٹ میں فیصلہ سنایا گیا تو چاروں درخواست گزار لطف قریشی، طارق بدر اور ناصر جنجوا اپنے وکیل ڈاکٹر جی ایم چودہری کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا صدر نیشنل بینک اور چیرمین نیشنل بینک اپنے عہدوں کے اہل نہیں لہٰذا دونوں فوری طور پر اپنے اپنے عہدے چھوڑ کر گھر جائیں۔
خیال رہے 2جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے صدر نیشنل بینک عارف عثمانی کی تعیناتی کیخلاف فیصلہ محفوظ کیا تھا، درخواست گزار کی جانب سے عارف عثمانی کے صدر نیشنل بینک تعیناتی کے بارہ جنوری 2019 کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا تھا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ طارق عثمانی کی تعیناتی ٹرانسپرنسی کے تقاضوں کے مطابق نہیں ہوئی۔