اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین سینیٹ الیکشن کیخلاف یوسف رضا گیلانی کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد کرتے ہوئے کہا صادق سنجرانی ہی چئیرمین سینیٹ رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے چئیرمین سینیٹ کی متنازعہ الیکشن پر فیصلہ سنا دیا، محفوظ شدہ فیصلہ جسٹس عامرفاروق اورجسٹس طارق محمود جہانگیری نے سنایا۔
فیصلے میں عدالت نے پیپلز پارٹی کے سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی کی چیئرمین سینیٹ الیکشن کے خلاف درخواستیں خارج کردیں اور صادق سنجرانی ہی چئیرمین سینیٹ رہیں گے، عدالت پارلیمانی امور میں مداخلت نہیں کر سکتی۔
یاد رہے یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ الیکشن کالعدم قرار دینے کی اپیل دائر کی تھی، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ان کے حق میں ڈالے گئے سات ووٹوں کو مسترد کرنے کے پریذائیڈنگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
جس پر ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے یوسف رضا گیلانی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے 22 دسمبر 2021 کو اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا اور کچھ پہلوؤں پروضاحت کیلئےکیس کوکل سماعت کیلئے مقرر کیا تھا۔