اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کی بہو، پوتے اور پوتی کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کی بہو، پوتے اور پوتی کی درخواست پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس اطہر من اللہ نےدرخواست پر سماعت کی۔
رانا محمد شمیم کے بیٹے احمد حسن رانا درخواست گزاروں کی جانب سے پیش ہوئے، چیف جسٹس نے استفسار کیا بتائیں کہ کون سا بینچ دباؤ کے نتیجے میں بنایا گیا تھا؟ عدالت کے ساتھ ایسا نہ کریں،جو بیانیہ چل رہا ہے، بتائیں کون سا عدالتی بینچ دباؤکےنتیجے میں بنا ؟
چیف جسٹس نے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ اپنی درخواست کی استدعا پڑھیں، رانا شمیم نے آپ کو یہ پٹیشن دائر کرنے کی ہدایت کی؟ جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ نہیں، درخواست رانا شمیم کی بہو اور پوتے پوتی کی طرف سے ہے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا آپ کہہ رہے ہیں کہ رانا شمیم کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا، رانا محمد شمیم ہتک عزت کا دعوی خود دائر کر سکتے ہیں، پٹیشنرز سےمتعلق توفریقین نے کچھ نہیں کہا، پٹیشنرز تومتاثرہ فریق نہیں، یہ استدعا کسی اورکے لیے ہے۔
وکیل احمد حسن رانا نے بتایا میں اس حوالے سے کیس لاپیش کرنا چاہتا ہوں، جس پر عدالت نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے اہلخانہ کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔