تازہ ترین

پولوگراؤنڈ ریفرنس: عدالت کاآصف علی زرداری کی بریت سے متعلق نیب سے ریکارڈ طلب کرنے کا حکم

اسلام آباد: : اسلام آباد ہائی کورٹ نے ارسس ٹریکٹر اور پولو گراونڈ ریفرنس میں آصف علی زرداری کی بریت سے متعلق نیب سے ریکارڈ طلب کرنے کا حکم جاری کر دیا ، نیب نے 2014 میں آصف زرداری کی بریت کو چیلنج کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈویژن بنچ پر مشتمل چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ارسس ٹریکٹر اور پولو گراونڈ ریفرنس میں آصف زرداری کی بریت کیخلاف نیب اپیلوں پر سماعت کی۔

وکیل نیب نے بتایا نیب کی جانب سے 2 اپیلیں زیر سماعت ہیں، ملزم سابق صدر پاکستان ہے، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کی کیاکنٹنشن ہے، احتساب عدالت کا اختیار نہیں تھا، وکیل نیب کا کہنا تھا 21 اپریل 2016 کو عدالت نے ریکارڈ احتساب عدالت سے طلب کیا تھا۔

عدالت نے آصف علی زرداری کی بریت سے متعلق نیب سے ریکارڈ طلب کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی

خیال رہے احتساب عدالت نے آصف زرداری کو 28 مئی 2014 کو پولو گراونڈ ریفرنس میں اور اسی سال 12 دسمبر کو ارسس ٹریکٹر ریفرنس میں بری کردیا تھا، جس کے بعد نیب نے 2014 اور 2015 میں آصف زرداری کی بریت کو چیلنج کیا تھا۔

آصف زرداری پر سرکاری خرچ پر وزیراعظم ہاو س میں پولو گراونڈ تعمیر کروانے اور ارسس ٹریکٹرز کی خریداری کے ٹھیکے میں کک بیک (رشوت) وصولی کے الزامات تھے۔

مزید پڑھیں : تین سال بعد آصف زرداری کی بریت کیخلاف نیب اپیل سماعت کے لیے مقرر

یاد رہے 17 اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کی 4 اپیلوں میں سے 2 اپیلیں سماعت کے لئے مقرر کی تھی۔

واضح رہے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں اور آصف زرداری نے 29 اپریل تک جعلی اکاؤنٹس کیس میں عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو پارک لین کمپنی کیس میں طلب کیا گیا تھا، پارک لین کیس میں اربوں روپےکی ترسیلات جعلی بینک اکاؤنٹس سے کی گئیں، آصف زرداری پرپارک لین کمپنی میں 1989 میں فرنٹ مین کے ذریعے خریداری کاالزام ہے۔

Comments

- Advertisement -